پاکستان نے انڈیا کے مختلف مقامات پر ’کوآرڈینیٹڈ حملے‘ کیے: انڈین وزارت دفاع کا دعویٰ

اردو نیوز  |  May 10, 2025

انڈیا کی وزارت دفاع کے حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ’پاکستان نے انڈیا کے 26 مقامات پر کوآرڈینیٹڈ حملے کیے ہیں۔ انڈیا کی مسلح افواج نے دفاعی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان حملوں کو ناکام بنا دیا۔‘

سنیچر کو انڈیا کے وزارت خارجہ اور وزارت دفاع کے حکام نے مشترکہ پریس بریفنگ میں کہا کہ ’جیسا کہ ہم بتا چکے ہیں کہ پاکستان کی کارروائیاں صورتحال کو کشیدہ کر رہی ہیں۔ انڈیا نے ان کارروائیوں کا ذمہ داری سے جواب دیا ہے۔ آج صبح ایک بار پھر پاکستان کی جانب سے دوبارہ ایسے حملے کیے گئے۔‘

انڈین فوج کی کرنل صوفیہ قریشی نے بتایا کہ ’پاکستان نے لگاتار کارروائیاں کیں جن میں ڈرونز اور لانگ رینج ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے انڈین ڈھانچے (انفراسٹرکچر) کو نشانہ بنایا۔‘

انہوں نے بتایا کہ ان علاقوں میں جموں، سانبہ، راجوری، ادھم پور، نگروٹا، اونتی پورہ، ریاسی، پونچھ، اکھنور، اور ریاست پنجاب کے کچھ حصے جیسے پٹھان کوٹ اور امرتسر شامل ہیں۔

اس سے قبل پاکستان کے سرکاری ٹی وی نے رپورٹ کیا تھا کہ انڈیا کے مسلسل حملوں کے جواب میں سنیچر کی صبح آپریشن ’بنیان مرصوص‘ (آہنی دیوار) کا آغاز کیا گیا۔ پاکستان نے ’فتح ون میزائل سسٹم‘ کے ذریعے انڈیا میں فوجی اہداف کو نشانہ بنایا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن ’بنیان مرصُوص‘ کے تحت انڈیا میں متعدد مقامات پر حملے کیے گئے۔ انڈین علاقے بیاس میں ’براہموس میزائل‘ کی سائٹ تباہ کر دی گئی ہے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ ’پاکستان کی جوابی کارروائی کے دوران ادھم پور ایئربیس اور پٹھان کوٹ میں ایئر فیلڈ کو بھی تباہ کر دیا گیا ہے۔‘

’آپریشن ’بنیان مرصوص‘ میں اُن تمام بیسز کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے جہاں سے پاکستان کے عوام اور مساجد پر حملے کیے گئے۔‘

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ انتہائی درستگی کے ساتھ سری نگر، ادھم پور، پٹھان کوٹ، آدم پور، بھٹنڈہ، سرسا اور سورت گڑھ میں فضائی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ راجوری اور برامولا میں عسکری تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More