ورلڈ کپ: ’ذاتی وجوہات‘ کی بنا پر سپورٹس اینکر زینب عباس انڈیا سے چلی گئیں

اردو نیوز  |  Oct 09, 2023

انڈیا میں جاری آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران میزبانی کے فرائض سر انجام دینے والی پاکستانی اینکر زینب عباس مبینہ طور پر انڈیا چھوڑ کر دبئی چلی گئی ہیں۔

زینب عباس انڈیا میں کرکٹ ورلڈ کپ کی کوریج کے لیے موجود تھیں تاہم پاکستانی میڈیا کے مطابق وہ حفاظتی اقدامات کے باعث انڈیا چھوڑ کر دبئی روانہ ہوگئی ہیں۔

زینب عباس جب انڈیا میں موجود تھیں تو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر صارفین نے اُن کی انڈیا مخالف اور ہندو مذہب کے متعلق قابلِ اعتراض پرانی ٹویٹس نکال لیں جس کے باعث اُنہوں نے ممکنہ طور سکیورٹی خدشات کے باعث انڈیا چھوڑ دیا ہے۔

دوسری جانب سوشل میڈیا پر یہ خبریں بھی گردش رہی ہیں کہ زینب عباس کو اُن کی پرانی ٹویٹس کے باعث انڈیا سے ڈی پورٹ کیا گیا ہے تاہم ابھی تک اس بات کی تصدیق نہیں ہو پائی تاہم آئی سی سی نے اُن کے انڈیا چھوڑنے کی تصدیق کر دی ہے۔

آئی سی سی کے ترجمان نے بتایا ہے کہ پاکستانی اینکر ’ذاتی وجوہات‘ کے باعث انڈیا چھوڑ کر گئی ہیں جبکہ انہیں ڈی پورٹ نہیں کیا گیا۔ 

اسی طرح ابھی تک اس ساری صورتحال پر زینب عباس کی جانب سے کسی بھی قسم کی کوئی تردید یا تصدیق سامنے نہیں آ سکی۔

اس سے قبل انڈیا مخالف اور ہندو مذہب کے بارے میں قابلِ اعتراض پرانی ٹویٹس پر ایک انڈین وکیل نے زینب عباس کے خلاف کیس دائر کرنے کا بھی اعلان کیا تھا۔

ٹوئٹر پر ایڈووکیٹ وِنیت جندال نے مطالبہ کیا تھا زینب عباس کو ورلڈ کپ کے میزبانوں (پریزینٹرز) کی لسٹ سے نکالا جائے۔

خیال رہے زینب عباس پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)، آئی سی سی، سٹار سپورٹس، سکائی سپورٹس، سپر سپورٹ، ٹین سپورٹس، سونی نیٹ ورک سمیت کئی نشریاتی اداروں کے ساتھ بطور میزبان کام کر چکی ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More