چودہ اگست پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ورلڈ کپ کی ایک خصوصی ویڈیو سے سابق وزیراعظم عمران خان کو غائب ہی کردیا تھا جس کے بعد مشہور شخصیات سمیت عوام کا سخت رد عمل دیکھنے کو ملا۔
تاہم اب پی سی بی نے اپنی غلطی کو تسلیم کرتے ہوئے ورلڈ کپ کی اور ایک اور تفصیلی ویڈیو جاری کردی ہے جس میں عمران خان کو شامل کرلیا گیا ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر نئی ویڈیو شیئرکرتے ہوئے پی سی بی کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ ورلڈ کپ 2023 سے قبل پروموشنل مہم شروع کی گئی ہے جس کی ایک ویڈیو 14 اگست 2023 کو اپ لوڈ کی گئی تھی۔
پی سی بی کا کہنا تھا کہ طوالت کی وجہ سے ویڈیو کو مختصر کردیا گیا تھا اورکچھ اہم کلپس غائب تھے۔ اب ویڈیو کے مکمل ورژن میں اس کی اصلاح کردی گئی ہے۔
شائقین کرکٹ کو یہ دیکھ کر حیرت ہوئی تھی کہ ویڈیو میں پاکستان کے لیے 1992 میں ورلڈ کپ جیتنے کا اعزاز حاصل کرنے والی فاتح ٹیم کے کپتان عمران خان شامل ہی نہیں۔
سوشل میڈیا صارفین اور شائقین کرکٹ سمیت پی ٹی آئی حامیوں کی جانب سے بھی پی سی بی کو اس اقدام پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ لوگوں کا یہی کہنا تھا کہ پی سی بی نے سابق کپتان عمران خان کو شامل نہ کر کے انتہائی شرمناک حرکت کی ہے جس کی کپتانی میں پاکستان پہلی بار ورلڈ کپ کا فاتح بنا تھا۔
سابق کرکٹ وسیم اکرم نے بھی سخت ردعمل دیتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔
اس کے بعد جاری کی جانے والی نئی ویڈیو میں عمران خان کو ورلڈ کپ ٹرافی اٹھائے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، اس کے علاوہ کلپس میں ان کی مختلف تصاویر بھی شامل کی گئی ہیں۔
عمران خان کے علاوہ نئی ویڈیومیں مصباح الحق، پاکستان ویمنز ٹیم کی ایشین گیمز میں جیت اور ندا ڈار کا 100 وکٹوں کاریکارڈ بھی شامل ہے۔