حارث رؤف آج دنیا کے بہترین باؤلرز میں شامل ہوتے ہیں اور اس وقت وہ پاکستان کے تیز ترین فاسٹ باؤلر ہیں جن کی تعریف بھارتی کرکٹر نے بھی کی ہے۔
بھارت کے وکٹ کیپر بلے باز دنیش کارتک بھی قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر حارث رؤف کی تیز رفتار باؤلنگ کے فین نکلے۔
دنیش کارتک کا کہنا ہے کہ بلاشبہ حارث رؤف وائٹ بال کرکٹ میں اس وقت دنیا کے بہترین باؤلرز میں سے ایک ہیں، چند سال پہلے تک حارث ٹینس بال کے ساتھ کرکٹ کھیلتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ حارث نے لاہور قلندرز کے ساتھ سفر شروع کیا، لیگ کرکٹ کھیلی اور پھر پاکستان ٹیم میں شاندار پرفارمنس دکھائی، حارث رؤف ڈیتھ اوورز کے بہترین باؤلر ہیں۔
واضح رہے کہ حارث رؤف ان دنوں انگلینڈ میں دی ہنڈرڈ لیگ میں ویلش فائر کی نمائندگی کر رہے ہیں، گزشتہ روز دی ہنڈرڈ میں کھیلے گئے میچ میں حارث رؤف نے 3 وکٹیں اپنے نام کیں۔