کراچی: سندھ میں سیلاب متاثرین کیلئے مشکلات میں اضافہ، خیر پور کے کیمپ میں کھانا نہ ملنے کی وجہ سے دو سالہ بچی دم توڑ گئی، سیلابی پانی میں مسلسل اضافہ جاری، دادو، میہڑ اور جوہی شہروں کے ڈوبنے کا شدید خطرہ برقرار ہے۔
خیرپور کے علاقے کوٹ ڈیجی میں قائم ریلیف کیمپ میں 2سالہ بچی خوراک نہ ملنے کی وجہ سے انتقال کر گئی۔ سیلاب متاثرین کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے 5 روز سے کیمپوں میں متاثرین کو کھانا دینا بند کر دیا ہے، خوراک نہ ملنے کی وجہ سے 2 سالہ آسیہ بھوک کی وجہ سے انتقال کر گئی ہے۔
ورثا نے انتظامیہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے معاملے کی انکوائری کا مطالبہ کیا ہے، ورثا کا کہنا ہے کہ ہم خاندانی لوگ ہیں مگر ہمارا سب کچھ چھن گیا ہے، انتظامیہ نے خوراک دینا بھی بند کردی ہے، ہم کہاں سے کھائیں گے۔
دوسری جانب رنگ بند پر پانی میں اضافے کے بعد دباؤ بڑھ گیا ہے جب کہ ایم این وی ڈرین میں بھی پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ جاری ہے جس کے باعث دادو، میہڑ اور جوہی شہروں کے اس سے متاثر ہونے کا شدید خطرہ بدستور برقرار ہے۔
ایم این وی ڈرین میں چھنڈن موری کے قریب پشتے میں سیلابی پانی کا رساؤ بھی جاری ہے اور پشتے پر کام کرنے والے رہائشیوں نے دادو کے شہریوں کو باہر نکلنے کی اپیل کی ہے۔
جوہی شہر کے اطراف میں پانی میں اضافہ ہونے کے بعد شہری رنگ بند کو مضبوط بنانے کیلئے پولیس کے ساتھ ملکر مٹی کی بوریاں ڈال رہے ہیں۔