مسجد اقصیٰ کے امام شیخ عکرمہ سعید الصبری نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین وسابق وزیراعظم عمران خان کو ایک اور خط لکھا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شیخ عکرمہ سعید الصبری نے عمران خان کو ایک بار پھر دعائیں دیتے ہوئے خط میں لکھا کہ ہم بیت المقدس میں ہیں لیکن ہمارے دل آپ کے اور پاکستانی قوم کے ساتھ ہیں، انھوں نے پنجاب میں حالیہ ضمنی انتخابات میں کامیابی پر عمران خان کو مبارک باد بھی پیش کی۔خطیب مسجد اقصیٰ نے لکھا کہ ہم دعا گو ہیں اللہ تعالی آپ کی حفاظت کرے، مدد فرمائے اور پاکستان کو سازشوں سے بچائے۔
اس سے قبل انہوں نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا تھا کہ وہ ہر صبح مسجد میں عمران خان کو دعاؤں میں یاد کرتے ہیں۔ عمران خان کی طرح واضح کسی نے فلسطین کا ساتھ نہیں دیا، غزہ کی کشیدگی پر عمران خان کی سفارت کاری نے دل جیت لیے، امت مسلمہ کے لیڈر عمران خان نے فلسطین کے لیے مؤثر آواز بلند کی، وہ پوری امت مسلمہ کیلئے امید ہیں۔
عمران خان کے نام عالمی شخصیات کے پیغامات کے حوالے سے ماضی میں بھی اطلاعات موصول ہوتی رہی ہیں تاہم بعض واقعات میں پیغامات کی تصدیق نہیں ہوسکی جبکہ حالیہ بیان بھی پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے جاری کیا گیا ہے جس کی تصدیق نہیں ہوسکی۔