گزشتہ دو تین سالوں میں پاکستانی و بھارتی فلمی صنعت کے بڑے بڑے فنکار اس دنیا سے رخصت ہوئے۔ یہی فنکار جو مداحوں کے دلوں میں راج کرتے تھے آج ہمیشہ کے لیے خاموش ہوگئے ہیں بس ان کی یادیں زندہ رہ گئی ہیں۔
گزشتہ روز بھی برصغیر کے نامور فنکار یوسف خان عرف دلیپ کمار کے انتقال سے بالی ووڈ کو بڑا دھچکا لگا جس کے بعد پوری دنیا میں رہنے والے ان کے مداح انتہائی رنج کے عالم میں مبتلا ہوگئے۔ اس سے قبل اداکار سوشانت سنگھ راجپوت، رشی کپور اور سری دیوی اور حال ہی میں پاکستانی مایہ ناز اداکار انور اقبال بلوچ کی وفات نے سب کو رلا دیا تھا۔
شوبز کے یہ بڑے نام خود اس دنیا سے تو چلے گئے لیکن اپنے پیچھے کیا کچھ چھوڑ گئے آج ہم جانیں گے۔
نامور فنکار اپنے انتقال کے بعد کتنی مالیت کے اثاثے چھوڑ کر گئے ہیں آیئے جانتے ہیں۔
1- دلیپ کمار
بھارتی میڈیا رپورٹس مطابق دلیپ کمار کے اثاثوں کی مجموعی مالیت 85 ملین ڈالر بتائی گئی ہے یعنی 6 ارب 34 کروڑ بھارتی روپے سے زائد۔
2- سوشانت سنگھ راجپوت
بھارتی ویب سائٹ کے مطابق بالی ووڈ انڈسٹری کے معروف اداکار سوشانت سنگھ راجپوت اپنے انتقال کے بعد 8 ملین ڈالر (پاکستانی ایک ارب) کے اثاثے چھوڑ کر گئے۔ رپورٹ کے مطابق سوشانت ایک فلم کرنے کے پانچ سے سات کروڑ روپے لیتے تھے۔ بالی ووڈ اداکار سوشانت سنگھ راجپوت نے کئی رئیل اسٹیٹ پراپرٹیز میں سرمایہ کاری بھی کر رکھی تھی۔
3- سری دیوی
مداحوں کے دلوں پر راج کرنے والی بالی ووڈ کی نامور ترین اداکارہ سری دیوی انتقال کے بعد کروڑوں کی مالیت کا بنگلہ چھوڑ کر گئی ہیں۔ وصیت کے مطابق سری دیوی کی کروڑوں املاک اور اثاثے ان کی دو بیٹیوں خوشی کپور اور جہنوی کپور کے مابین تقسیم ہوئیں۔
4- رشی کپور
بھارتی فلموں کا جانا مانا نام رشی کپور جو کسی تعارف کے محتاج نہیں جن کی موت نے ان کے مداحوں کو شدید غم میں مبتلا کردیا تھا۔ گزشتہ سال انتقال کرنے والے رشی کپور اپنے پیچھے کروڑوں کی مالیت کے اثاثے چھوڑ گئے جن میں لگژری گاڑیاں جو تقریباً تیس لاکھ تک کی ہیں۔ اداکار کے اثاثوں کی مجموعی مالیت 40 ملین (پاکستانی 6 ارب سے زائد) بتائی گئی ہے۔
5- انور اقبال
حال ہی میں پاکستان کے مشہور و معروف فنکار انور اقبال بلوچ کی وفات نے ان کے چاہنے والوں کو بے حد افسردہ کر دیا تھا۔ وہ کئی مہینوں سے کیسنر کا شکار تھے اور اسپتال میں زیر علاج تھے۔ بعد ازاں کینسر جیسے موذی مرض سے لڑ نہ سکے اور اس جہاں فانی سے رخصت ہوگئے۔ ان کی شوبز انڈسٹری کے لیے کاوشوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ اداکار انور اقبال سوگواران میں چار بیٹیاں چھوڑ کر گئے ہیں۔
علاوہ ازیں انور اقبال بلوچ کا تعلق بلوچستان سے تھا اور ان کی رہائش گاہ بھی وہیں پر موجود ہے جو لاکھوں کی مالیت کی ہے۔ اس کے علاوہ وہ کام کرنے کراچی آئے تھے اور یہاں بھی ان کا گھر ہے جن میں ان کی بیٹیاں رہتی ہیں۔