مشہور ٹک ٹاکر حریم شاہ ویسے تو ٹک ٹاک ویڈیوز کی بنا پر پاکستان بھر میں مشہور ہیں مگر کئی بار وہ اپنی متنازع ویڈیوز کی وجہ سے خبروں کی زینت بنی ہیں۔
گزشتہ دنوں بھی حریم شاہ سے متعلق کچھ حیرت انگیز خبر سوشل میڈیا پر گردش کر رہی تھی، جس سے متعلق اب خبر سامنے آئی ہے۔
سوشل میڈیا پوسٹ میں حریم شاہ نے اپنی شادی کا دعویٰ کیا تھا، حریم کا کہنا تھا کہ سندھ اسمبلی کے ممبر اور پیپلز پارٹی کے ایک رہنما سے میں نے شادی کرلی ہے، میڈیا کے لاکھ اصرار پر بھی حریم نے نہیں بتایا کہ دلہا کون ہے۔
مگر اب اس پورے ڈرامے کا ڈراپ سین سامنے آگیا ہے۔ حریم شاہ کی میک اپ آرٹسٹ کشفانہ رضوان کا کہنا ہے کہ حریم کو دلہن کے روپ میں میں نے خود تیار کیا ہے، اور یہ میک اپ ہمارے بیوٹی پارلر کے تشہیری فوٹو شوٹ کے لیے تھا۔
جبکہ کشفانہ رضوان کا مزید کہنا تھا کہ اس شوٹ کے لیے لباس، لوکیشن اور میک اپ سب کچھ کشفانہ نے فراہم کیا تھا۔ حریم شاہ کو اس شوٹ کے لیے معاوضہ بھی دیا گیا تھا۔
تاہم حریم شاہ کی شادی کے سوال پر کشفانہ کا کہنا ہے کہ مجھے نہیں معلوم شوٹ کے بعد حریم شادی کے لیے گئی تھیں یا نہیں۔ کشفانہ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ سوشل میڈیا پر گردش کرتی عروسی لباس زیب تن کیے ہوئے حریم شاہ کی تصاویر میرے بیوٹی پارلر کے شوٹ کی ہیں۔
واضح رہے کہ حریم شاہ نے گزشتہ دنوں اپنے شادی کا دعویٰ کیا تھا جس کے بعد میڈیا سمیت ہر کوئ دلہے میاں کی شناخت میں لگا ہوا ہے۔