ایک ماں بیک وقت بیس افراد کے لیے اکیلے گھر کا کام انجام دے سکتی ہے۔ یہ جان کر اس بات کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ ہمارے معاشرے میں ماؤں کا کردار کتنا اہم ہے جس کے بغیر دنیا کا تصور نہیں کیا جاسکتا۔
پاکستان سمیت دنیا بھر میں ایسی متعدد خواتین موجود ہیں جو اپنے بچوں کو اکیلے سنبھالتی ہیں کیونکہ کسی کی طلاق ہوچکی ہوتی ہے تو کسی کا شوہر دنیا میں نہیں ہوتا جس کی وجہ سے بچوں کی ذمہ داری صرف ماں کی ہوجاتی ہے۔ لیکن وہ کہتے ہیں نہ کہ ماں اپنی اولاد کے لیے دنیا سے لڑ جاتی ہے اور اس کی پرورش میں کوئی کثر نہیں چھوڑتی۔
شوبز میں بھی ایسی اداکار مائیں موجود ہیں جن کے بچوں پر باپ کا سایہ نہیں ہے بلکہ وہ اکیلے ہی بچوں کی دیکھ بھال کرتی ہیں۔
آیئے جانتے ہیں کہ وہ کونسی مشہور اداکارائیں ہیں جو اپنی اولاد کو اکیلے ہی پالتی ہیں۔
1- ماہرہ خان
لاکھوں مداحوں کے دلوں میں بسنے والی مشہور اداکارہ ماہرہ خان ایک بیٹے کی والدہ ہیں جس کا نام ازلان اسکری ہے۔ ماہرہ خان کی شادی سال 2007 میں علی اسکری کے ساتھ ہوئی تھی جبکہ طلاق 2012 میں ہوگئی تھی۔ ماہرہ خان کا اپنی طلاق کے بعد ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ میری زندگی میں صرف ایک ہی مرد ہے جو کہ میرا بیٹا ازلان ہے۔ ماہرہ خان اکیلے ہی اپنے بچے کی پرورش کرتی ہیں۔
2- چاہت کھنہ
معروف بھارتی اداکارہ چاہت کھنہ کا شمار بھی ان اداکاراؤں میں ہوت اہے جو کہ سنگل موم کی حیثیت سے فرائض انجام دے رہی ہیں۔
انہوں نے گزشتہ روز سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ شئیر کی جس میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ ممتا کو سمجھا ہی نہیں گیا ہے، میں ایک اکیلی ماں اپنے 2 بچوں کی پرورش کررہی ہوں اس کے لیے مجھے کم مدد اور پیسے میسر ہیں۔
چاہت کا مزید کہنا تھا کہ کام دینے والے سمجھتے ہیں کہ اب میں پہلے جیسا کام نہیں کر پاؤں گی لیکن سچائی یہ ہے کہ ماں بننے کے بعد آپ کی صلاحتیوں میں اضافہ ہوجاتا ہےاور بعض اوقات اس سے بھی زیادہ کیوں کہ آپ اپنے بچوں کی پرورش اور ان کے مستقبل کو سنوارنے میں مشغول ہو جاتے ہیں۔
3- سائرہ یوسف
شوبز کی مقبول ترین اداکارہ سائرہ یوسف بھی ان باہمت ماؤں میں سے ہیں جو اپنی بیٹی کو سنبھال رہی ہیں۔ لیکن یہاں ایسا نہیں ہے کہ شہروز سبزواری سے طلاق کے بعد بیٹی کی پرورش کی تمام تر ذمہ داری سائرہ کے سر پر ہو بلکہ اداکار شہروز اپنی بیٹی سے ملنے آتے ہیں اور اکثر اپنی بیٹی کے ہمراہ سوشل میڈیا پر تصاویر شئیر کرتے ہیں۔ لیکن ان کی بیٹی سائرہ یوسف کے پاس ہی رہتی ہے۔