ہر انسان کے اپنے خواب ہوتے ہیں جنہیں وہ پورا کرنے کے لیے اپنی جان لڑا دیتا ہے۔ وہ اپنا کیرئیر بنانے کے لیے خوب محنت کرتا ہے جس کا اسے کامیابی کی شکل میں صلہ ملتا ہے۔
اس کی مثال ہمیں شوبز میں بھی ملتی ہے جہاں بہت سے ایسے سیلیبرٹیز موجود ہیں جنہوں نے اداکاری کے شعبے میں نام بنانے کے لیے کئی جتن کیے اور آج ان کا ہر کوئی جانتا ہے۔
آج ہم 3 ایسے اداکاروں کے بارے میں جانیں گے جنہوں نے اداکار بننے کے لیے کئی مشکلات کا سامنا کیا۔
1-وسیم عباس
پاکستانی شوبز انڈسٹری کے مقبول اداکار وسیم عباس اکثر ڈرامہ سیریلز میں باپ کے کردار نبھانے کے لیے جانے جاتے ہیں۔ وسیم عباس نے اداکار بننے کے لیے کئی مشکل منازل کو طے کیا اور اب وہ بڑے اداکاروں کی فہرست میں شامل ہوتے ہیں۔ حال ہی میں ان کا ایک انٹرویو سامنے آیا جس میں انہوں نے اپنے کیرئیر کے آغاز سے متعلق باتیں شئیر کیں۔
وسیم عباس نے کہا کہ میرے والد مجھے کیڈٹ کالج میں داخلہ دلوانے کے لیے کوشاں تھے، کیونکہ وہ چاہتے تھے میں پڑھ لکھ کر ان کا نام روشن کروں۔ وسیم نے بتایا کہ میرے والد نے بہت کوششیں کیں میں اداکاری سے ہٹ کر کچھ اور کروں۔ انہوں نے بتایا کہ میرے والد نے میرا سارے انتظامات مکمل کرالیے تھے اور مجھے داخلے کے لیے پیپرز دینے تھے لیکن مجھے وہاں نہیں جانا تھا۔ اداکار نے بتایا کہ میں اس وقت آٹھویں جماعت میں پڑھ رہا تھا اور کیڈٹ کالج میں داخلہ نویں کے بعد ہونا تھا۔
اداکار بتاتے ہیں کہ مجھے اداکار بننا تھا اور میں اس سوچ میں تھا کہ اس چیز سے کیسے بچا جائے؟ انہوں نے بتایا کہ میرے والد کا بھی بہت رعب تھا۔ انہوں نے بتایا کہ میں نے اپنے دوستوں سے مشورہ کیا کہ کیسےاس مسئلے سے نکلوں، بعد میں فیصلہ یہ ہوا کہ ہاتھ ہی جلا لیا جائے تاکہ پرچے میں لکھ نہ سکوں۔
اداکار نے آگے قصہ سناتے ہوئے بتایا کہ پرچے سے ایک دن پہلے صبح صبح اپنے دوستوں کو گھر بلوایا اور ساتھ ہی گرما گرم کھولتی ہوئی چائے بھی منگوائی۔ وسیم عباس کا کہنا تھا کہ میں نے اپنے دوست سے کہا کہ چائے کی گرما گرم کیتلی میرے ہاتھ پر پھینک دو لیکن میرے دوستوں نے ایسا کرنے سے صاف انکار کر دیا کیونکہ وہ لوگ گھبرا گئے تھے۔
اداکار نے بتایا کہ جب میرے دوست نہیں مانے تو میں غصے میں آکر چائے کی کھولتی ہوئی کیتلی اپنے ہاتھ پر ڈال لی اور اس کے بعد میں بہت شدید طرح سے چیخم پکار کرنے لگا۔ اداکار نے کہا کہ مجھے اداکار میں اتنی دلچسپی تھی کہ میں نے اپنے ہاتھ کی بھی قربانی دے دی تھی۔
2- محسن عباس حیدر
معروف اداکار و گلوکار محسن عباس حیدر اکثر خبروں کی زینت بنے رہتے ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ وہ ان مشہور شخصیات میں سے ہیں جنہوں نے شوبز کی دنیا میں قدم جامنے کے لیے بڑی جدوجہد کی۔ایک انٹرویو میں محسن عباس حیدر نے بتایا کہ کس طرح ذہنی دباؤ نے انہیں خود کشی کرنے پر مجبور کیاتھا۔ان کا کہنا تھا کہ اسکرین پر دیکھنے والے لوگ میری جس پھرتیلی کو دیکھتے تھے دراصل وہ مایوسی کو دور کرنے کا ان کا طریقہ تھا۔
محسن عباس حیدر نے شیئر کیا کہ وہ ایسے وقت سے گزرے ہیں جب ان کے پاس کھانے کے لئے کچھ بھی نہیں تھا اور جب وہ نائٹ شفٹ والی نوکری کرتے تھے۔ یہاں تک کہ وہ اپنے گھر اپنے اہلخانہ سے دور رہتے تھے کیونکہ انہیں شوبز میں کیریئر بنانا تھا جو کہ آسان کام نہیں تھا لیکن ان کی والدہ نے ان کا بہت ساتھ دیا۔ آج وہ اپنی انتھک محنت اور لگن کی وجہ سے مقبول اداکاروں میں شامل ہوتے ہیں۔
3- حنا الطاف
شوبز کی مشہور اداکارہ اور اداکار آغا علی کی اہلیہ حنا الطاف کا شمار بھی ان فنکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے شوبز میں آنے کے لیے بہت محنت کی۔ اداکارہ حنا نے ایک انٹرویو میں بتایا تھاکہ ان کی والدہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اداکاری کرنا انکا مشغله نہیں تھا اور اس سے قبل وہ فل ٹائم نوکری کر رہی تھیں تاکہ وہ اپنی والدہ سمیت فیملی کو سپورٹ کر سکیں۔ لیکن انہوں نے ہمت نہیں ہاری اور اپنے اس مقصد میں کامیاب ہوئیں۔