بالی ووڈ انڈسٹری کو متعدد بلاک بسٹر فلمیں دینے والی مقبول ترین اداکارہ جوہی چاولہ نے گزشتہ روز اپنی 53 ویں سالگرہ کا جشن منایا ہے، اس موقع پر اداکارہ سے متعلق کئی نئے انکشافات منظر عام پر بھی آئے ہیں، جنہیں سن کر اُن کے مداح میں حیرانی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جوہی چاولہ کی سالگرہ کے موقع پر بالی ووڈ کے دبنگ خان اداکار سلمان خان کی جانب سے ایک انٹرویو کے دوران پہلی بار انکشاف کیا گیا کہ وہ اپنی جوانی کے دور میں اداکارہ جوہی چاولہ کو بےحد پسند کرتے تھے اور اُن سے شادی کرنا چاہتے تھے لیکن جوہی کے والد نے انکار کردیا۔
یقیناً یہ اسن کر سلمان خان اور جوہی چاولہ کے چاہنے والوں کو ضرور دھچکا لگا ہوگا کیونکہ اس سے قبل انہوں نے کبھی ایسی کوئی بات نہیں سنی، ہاں یہ ضرور سنا ہوگا کہ سلمان خان اور ایشوریہ ایک زمانے میں ایک دوسرے کو بے حد پسند کرتے تھے۔
صرف یہی نہیں بلکہ سلمان خان نے اپنے ایک پرانے انٹرویو میں یہ بھی انکشاف کیا کہ وہ جوہی چاولہ کو اس جنون تک پسند کیا کرتے تھے کہ ایک دن خود ہی اُن کے گھر چلے گئے اور اداکارہ کے والد سے اُن کا ہاتھ بھی مانگ لیا تھا۔
لیکن جوہی چاولہ کے والد نے رشتے سے صاف انکار کردیا، میزبان نے سلمان خان سے انکار کی وجہ پوچھی تو انہوں نے کہا کہ شاید میں اُن کے معیار کے مطابق پورا نہیں اُترتا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ جوہی چاولہ نے اپنے کیرئیر کے عروج پر خاموشی سے جے مہتا نامی شخص سے شادی کرلی تھی، اُن کی خفیہ شادی کے بارے میں صرف چند لوگ ہی جانتے تھے۔
اداکارہ جوہی چاولہ اپنے شوہر جے مہتا کے ساتھ ایک بہترین زندگی گزار رہی ہیں، اور ان کے دو بچے ہیں، ایک بیٹا ارجن اور ایک بیٹی جھانوی ہے۔