حکومت سندھ نے ارسا میں صوبے کے نئے رکن کی تقرری کے لیے پانچ وزراء پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی ہے۔ اس حوالے سے سندھ کابینہ نے کمیٹی کے قیام کی منظوری دے دی۔
کمیٹی میں صوبائی وزیر آبپاشی جام خان شورو، وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن، وزیر قانون ضیاء الحسن لنجار، وزیر ثقافت ذوالفقار علی شاہ اور وزیر سوشل ویلفیئر طارق ٹالپر شامل ہیں۔
کمیٹی سب سے پہلے ریٹائرڈ چیف انجنیئر غلام مصطفیٰ اُجن کا انٹرویو کرے گی اور ان کی اہلیت کا جائزہ لینے کے بعد رپورٹ کابینہ کو پیش کرے گی۔ اگر کمیٹی غلام مصطفیٰ اُجن کو موزوں امیدوار نہ سمجھے تو دیگر امیدواروں کا بھی انٹرویو کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ارسا میں سندھ کے موجودہ رکن احسان لغاری کو محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات میں چیف واٹر تعینات کر دیا گیا ہے اس لیے ارسا میں سندھ کا رکن کا عہدہ خالی ہوگیا ہے۔ محکمہ آبپاشی نے مختلف ریٹائرڈ چیف انجنیئرز سے مشاورت کے بعد غلام مصطفیٰ اُجن کا نام وزیر اعلیٰ سندھ کو بھجوایا تھا تاہم وزیر اعلیٰ نے براہ راست فیصلہ کرنے کے بجائے وزراء پر مشتمل کمیٹی بنا دی تاکہ تقرری میرٹ کے مطابق کی جا سکے۔