بھارتی فلم انڈسٹری پر ایک عرصہ راج کرنے والی اداکارہ سری دیوی لاکھوں دلوں کی دھڑکن تھیں، سری دیوی کی وفات کی خبر جب وائرل ہوئی تو بہت سے لوگوں نے تو اسے ماننے سے ہی انکار کردیا۔
کہتے ہیں کہ سری دیوی نے اپنے شوہر بونی کپور سے محبت کی شادی کی تھی، لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ جوڑے کی ملاقات آخر ہوئی کیسے اور کہاں؟
بھارتی فلم ساز بونی کپور کی پہلی ملاقات اداکارہ سری دیوی سے سال 1987 میں فلم ''مسٹر انڈیا'' کے دوران ہوئی تھی۔ تفصیلات کے مطابق فلم مسٹر انڈیا بونی کپور کا دریم پراجیکٹ تھا جس پر انہوں نے کافی محنت کی تھی۔
بونی فلم کی لیڈ اداکارہ کے طور پر سری دیوی کو کاسٹ کرنا چاہتے تھے، کیونکہ وہ اُس وقت کی ٹاپ اداکاراؤں میں سے ایک تھیں۔ اس کے لیے وہ چنائے میں واقع سری دیوی کے گھر ان سے ملنے پہنچے، لیکن اس وقت ان کی ملاقات سری دیوی سے نہیں ہوسکی اور اُنہیں 7 دن بعد کا وقت دیا گیا۔
بونی کپور سمجھ گئے تھے کہ اُنہیں ٹالا جارہا ہے، اس لیے انہوں نے سات دن تک چنائے کے ایک ہوٹل میں قیام کیا اور آٹھویں روز سری دیوی کے گھر جا پہنچے۔ آخر کار بونی کپور اپنے مقصد میں کامیاب ہوگئے، اُن کی سری دیوی سے ملاقات ہوگئی اور کافی کوشش کے بعد سری دیوی مسٹر انڈیا کرنے کے لیے تیار ہوگئیں۔
فلم مسٹر انڈیا کے سپر ڈوپر ہٹ ہونے کے بعد سری دیوی کی بونی کپور سے دوستی ہوئی اور یوں بھروسے کا رشتہ قائم ہوگیا۔ دونوں نے ایک ساتھ ایک اور فلم کی جس کا نام ''روپ کی رانی چوروں کا راجا'' تھا لیکن یہ فلم کامیاب نہیں ہوسکی۔ تاہم اس فلم کے دوران بونی کپور سری دیوی کے ہر نخرے اُٹھایا کرتے تھے، جس سے سری دیوی کافی متاثر ہوئیں۔
اس کے بعد بونی کپور جب سری دیوی کے ساتھ فلم ''جدائی'' بنارہے تھے تو سری دیوی کی ماں کی طبیعت خراب ہوگئی اور علاج کے لیے اُنہیں امریکا لے جانا پڑا۔ ایسے میں سری دیوی نے اپنے ساتھ بونی کپور کو امریکا لے جانا مناسب سمجھا اور بونی کپور بھی اس دوران سری دیوی کے ساتھ ایک فیملی فرینڈ کی طرح ہمیشہ کھڑے رہے۔
بدقسمتی سے اداکارہ کی ماں کا غلط علاج کیا گیا جس کی وجہ سے سری دیوی کی والدہ کا انتقال ہوگیا، بعدازاں بونی کپور نے اسپتال پر مقدمہ کردیا اور ایک لمبے جھگڑے کے بعد ہرجانہ وصول کیا۔
بونی کپور کے اس عمل کو دیکھنے کے بعد سری دیوی کے دل میں ان کے لیے جگہ بن گئی، یہ جانتے ہوئے بھی کہ وہ شادی شدہ ہیں۔ اس کے بعد دونوں نے سال 1996 میں شادی کرلی، شادی کے بعد بونی کپور کو گھر والوں کی کافی ناراضگی کا سامنا بھی کرنا پڑا۔
یاد رہے جوڑے کی دو بیٹیاں ہیں، جن کا نام جھانوی کپور اور خوشی کپور ہے۔ جھانوی فلم انڈسٹری میں قدم رکھ چکی ہیں۔