پاکستانی شوبز انڈسٹری سے مداحوں کے لیے ہمیشہ ہی اس قسم کی خبریں آتی رہتی ہیں جن کا مداحوں نے گمان بھی نہیں کیا ہوتا۔ بعض خبریں ناظرین اور اداکاروں کے چاہنے والوں کے لیے خوشی کا باعث ہوتی ہیں جبکہ کچھ خبریں ایسا چونکا دیتی ہیں کہ انسان سوچتا ہی رہ جائے۔
سال 2020 ویسے بھی دنیا بھر کے لیے مشکل ترین سال گزرا، عالمی وبا کورونا وائرس نے دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تاہم آج ہم آپ کو شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی سال 2020 کی سب سے زیادہ حیران کن خبروں کے بارے میں بتائیں گے۔
صنم بلوچ کی بیٹی
اداکارہ صنم بلوچ کا شمار پاکستان کی مشہور اور قابل ترین اداکاراؤں میں ہوتا ہے، صنم کا کام ہمیشہ سے ان کی پہچان رہا ہے۔ انہوں نے اب تک جتنے ڈراموں میں اداکاری کی، وہ سب ہی سپر ہٹ رہے۔ مداح ان کی شخصیت اور ان کے انداز سے بے حد متاثر ہیں۔ صنم نے کئی عرصہ تک ایک مارننگ شو کی میزبانی کے فرائض بھی سرانجام دیے۔ اداکارہ کی شادی اداکار عبداللہ سے ہوئی تھی لیکن بہت کم عرصے میں دونوں کی طلاق ہوگئی۔ طلاق کے بعد اداکارہ کچھ ڈراموں میں نظر آئیں لیکن پھر اسکرین سے بالکل ہی اوجھل ہوگئیں تاہم کچھ عرصہ قبل صنم نے اپنے مداحوں کو ایسی خبر دی کے ان کی خوشی کے ساتھ حیرانی کی انتہا نہ رہی۔ صنم بلوچ نے دوسری شادی کرلی جبکہ ان کے گھر ننھی سی پری کی پیدائش بھی ہوئی۔ اداکارہ کے گھر بیٹی کی اس طرح اچانک پیدائش نے سب کو حیران کردیا۔
ٹک ٹاک پر پابندی
حال ہی میں پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں سب سے زیادہ استعمال کی جانے والی ویڈیو ایپ ٹک ٹاک پر ملک میں حکومت نے پابندی عائد کردی۔ پابندی کی سب سے بڑی وجہ ایپ پر غیر اخلاقی مواد نشر ہونا تھی۔ ٹک ٹاک پر پابندی ایک انتہائی حیران کن اور فوری فیصلہ تھا۔ اس فیصلے نے نوجوانوں کی بڑی تعداد کو افسردہ کردیا کیونکہ بہت سے نامور ٹک ٹاکرز اس ایپ کے ذریعے پیسے کما رہے تھے۔ تاہم یہ معاملہ عدالت کی نظر ہو چکا ہے جبکہ امید کی جا رہی ہے کہ شاید پاکستان میں ٹک ٹاک پر سے پابندی ہٹا لی جائے گی۔
فیروز خان کا شوبز کو الوداع
ڈرامہ و فلم انڈسٹری کے مشہور و معروف اداکار فیروز خان نے اسی سال لاک ڈاؤن کے دوران یہ اعلان کیا کہ وہ یہ انڈسڑی ہمیشہ کے لیے چھوڑ رہے ہیں اور اب وہ کسی ڈرامہ یا فلم میں اداکاری نہیں کریں گے۔ فیروز خان کے اس فیصلے نے جہاں ان کے مداحوں کی بڑی تعداد کو دکھی کیا وہیں کئی ناظرین نے اداکار کے اس فیصلے کو بے حد سراہا اور ان کی داد دی۔ فیروز کی جانب سے کیا گیا یہ فیصلہ بہت ہی اچانک ہوا۔