بالی ووڈ کی سُپر اِسٹار اداکارہ کرینہ کپور نے کہا کہ اُن کے والدین اداکار سیف علی خان سے اُن کی شادی پر رضامند نہیں تھے جس پر اُنہوں نے اپنے والدین کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ وہ سیف سے بھاگ کر شادی کرلیں گی۔
بالی ووڈ کی معروف ترین اداکار جوڑی کرینہ کپور اور سیف علی خان آج اپنی شادی کی 8 ویں سالگرہ منا رہے ہیں اور اِس موقع پر بھارتی خبر رساں ویب سائٹ کی جانب سے کرینہ کپور کا وہ انٹرویو شائع کیا گیا ہے جس میں اُنہوں نے اپنی شادی سے متعلق اہم انکشاف کیا تھا۔
اداکارہ نے اپنے انٹرویو میں بتایا کہ جب اُنہوں نے اپنے والدین کو سیف علی خان سے شادی کرنے کے حوالے سے بتایا تو اُنہوں نے صاف اِنکار کردیا کہ ہم تمہاری شادی سیف کے ساتھ نہیں کریں گے جس پر انہوں نے اپنے والدین کو دھمکی دی کہ اگر وہ اُن کی شادی وہاں نہیں کریں گے تو وہ اکیلے لندن جا کر سیف سے شادی کرلیں گی۔
بھارتی اداکارہ نے کہا کہ جب اُنہوں نے سیف علی خان سے شادی کی تو سب نے کہا کہ اب کوئی اداکار اُن کے ساتھ کام کرنا نہیں چاہے گا اور اب اداکارہ کا کیرئیر ختم ہوچکا ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ لوگوں کے اس طرح کہنے کے باوجود بھی وہ پیچھے نہ ہٹیں اور اداکارہ نے کہا کہ اُن کا کیرئیر ختم ہونا ہوگا تو ہوجائے لیکن سیف علی خان وہ شخص ہے جن کے ساتھ وہ اپنی تمام زندگی گُزارنا چاہتی ہیں۔
اپنی شادی کی سالگرہ کے خاص موقع پر اداکارہ کرینہ کپور نے سوشل میڈیا ایپلیکیشن انسٹاگرام پر تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ایک تھی بیبو اور ایک تھا سیفو، دونوں کو اسپیگیٹی بہت پسند تھی اور پھر دونوں ساتھ خوشی خوشی رہنے لگے۔
کرینہ کپور نے سیف علی خان کو شادی کی سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ یہی خوشگوار اَزدواجی زندگی کا راز ہے۔