بھارت کے مشہور و معروف رئیلٹی شو بگ باس سے شہرت پانے والی اداکارہ ثناء خان جنہوں نے گزشتہ ہفتہ شوبز چھوڑنے کا اعلان کیا، ان کے متعلق کچھ ایسے حقائق ہیں جن سے یقیناً بہت سے لوگ ناواقف ہیں۔
بھارتی نیوز ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ شوبز اور محبت میں ناکامی وہ دو وجوہات ہیں جن کی وجہ سے ثناء خان نے شوبز کی دنیا چھوڑنے کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بگ باس کے سیٹ پر ان کی دوستی بھارتی سپر اسٹار سلمان خان سے ہوئی جنہوں نے ان سے یہ وعدہ کیا کہ وہ انہیں فلموں میں کام دیں گے مگر ایک دو فلموں میں چھوٹے چھوٹے کردار ملنے کے علاوہ انہیں کوئی دوسرا کردار نہ ملا۔
اس صورتحال سے ثناء خاصی مایوس اور دلبرداشتہ ہوئیں جبکہ انہوں نے اپنا زیادہ تر وقت گھر میں گزارنا شروع کر دیا اور وہ منشیات کی عادی ہوگئیں، اداکار سلمان خان نے ان کی فون کالز تک سننا بند کر دیں۔
اس کے بعد ایک بھارتی کوریوگرافر میلون لوئس کی ان سے دوستی ہوئی اور انہوں نے اداکارہ کا ہاتھ تھاما۔ اس کے بعد ثناء کو ایک دو فلموں میں سیکنڈ لیڈ کر دار ملے، لیکن بدقسمتی سے اب میلون لوئس سے بھی ان کے اختلافات ہوگئے اور انہوں نے علیحدگی کا اعلان کر دیا۔
اس ساری صورتحال کے پیش نظر ثناء کا دماغی توازن بگڑنے لگا اور انہوں نے خودکشی کا ارادہ کرلیا لیکن پھر ان کی ایک دوست نے انہیں اللہ سے رجوع کرنے کا کہا۔ ثنا خان کا کہنا ہے کہ ان کا سر سجدے میں گیا اور انہیں سکون مل گیا۔ اب ثنا خان نے اعلان کیا ہے کہ وہ گناہ کی زندگی نہیں گزاریں گی اور صرف اللہ کے احکامات پر چلیں گی۔
اداکارہ کے شوبز انڈسٹری چھوڑنے کے باضابطہ اعلان کے بعد انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ انسٹاگرام سے قرآنی آیات کی تلاوت اور اس کے ترجمعہ کی ویڈیو بھی شئیر کی۔