یوں تو جس شخص کا تعلق شوبز سے جڑتا ہے، اس کی چکا چوند سے منہ موڑنا انتہائی مشکل ثابت ہوتا ہے۔ لیکن کچھ بھارتی اداکار ایسے بھی ہیں جنہوں نے اپنے مذہب کی خاطر شوبز کی دنیا کو خیرآباد کہہ دیا۔ کچھ تو ان میں وہ بڑے بڑے نام ہیں جنہوں نے انڈسٹری میں بہت نام کمایا۔
آئیے بتاتے ہیں آپ کو کہ کون ہیں وہ 4 مشہور اداکار۔
ثناء خان
مشہور بھارتی رئیلٹی شو 'بگ باس' سے شہرت پانے والی اداکارہ ثنا خان نے حال ہی میں اداکاری چھوڑنے کا اعلان کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر گزشتہ ہفتہ جمعرات کو ثنا خان نے ایک پوسٹ شیئر کی جس میں تحریر کیا کہ وہ انسانیت کی خدمت اور اپنے خالق کے حکم کی پیروی کرنا چاہتی ہیں، اسی لیے شوبز سے کنارہ کشی اختیار کر رہی ہیں۔ ثنا خان نے اپنے فنی کرئیر کا آغاز مختلف پروڈکٹس کے اشتہارات سے کیا تھا، بعدازاں انہوں نے تامل فلموں میں اداکاری بھی کی۔
زائرہ وسیم
چھوٹی سی زائرہ جنہوں نے 2016 میں ریلیز ہونے والی بلاک بسٹر بالی وڈ فلم دنگل میں مرکزی کردار ادا کیا، محض 18 برس کی عمر میں اپنی زندگی کا اہم ترین فیصلہ کیا۔ اپنے فیس بک اکاؤنٹ سے اداکاری چھوڑنے کا اعلان کیا اور کہا کہ ''اس پیشے کی وجہ سے 'دین کے ساتھ ان کا رشتہ خطرے میں پڑ رہا ہے۔' ان کا مزید کہنا تھا کہ 'میرے بالی ووڈ میں 5 برس مکمل ہوگئے ہیں، اس موقع پر میں اعتراف کرنا چاہتی ہوں کہ میں اپنے کام سے ملنے والی شناخت پر خوش نہیں'۔ زائرہ نے ننھی سی عمر میں وہ فیصلہ کیا جو لوگ بڑی بڑی عمر میں نہیں کر پاتے۔
ونود کھنا
بھارتی فلم انڈسٹری کے نامور اداکار ونود کھنا لاکھوں دلوں کی دھڑکن ہوا کرتے تھے، انہوں نے فلم دی برنِنگ ٹرین اور قربانی سے شہرت حاصل کی۔ 1980 میں انہوں نے امریکہ جانے کا فیصلہ کیا اور جانے سے قبل ایک پریس کانفرنس بلائی جس میں انہوں نے کہا کہ وہ فلمیں چھوڑ کر اپنے دل کی آواز سننا اور انسانیت کی خدمت کرنا چاہتے ہیں۔ بعدازاں وہ بھارت واپس آگئے اور دوبارہ بالی ووڈ کا حصہ بن گئے۔ تاہم اس پریس کانفرنس میں ان کے ساتھ ان کی بیوی اور دو چھوٹے بچے بھی تھے۔ کینسر کے مرض میں مبتلا ونود کھنہ 70 برس کی عمر میں اپریل 2017 میں انتقال کرگئے۔
صوفیہ حیات
بگ باس سے شہرت پانے والی صوفیہ حیات نے بھی مذہبی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کا فیصلہ کیا اور شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرلی۔