گزرا ہفتہ کسی کے لیے بنا یادگار، تو کسی کا اڑایا گیا خوب مذاق! ہر دن سوشل میڈیا پر کسی نہ کسی شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے سپر اسٹار کی خبر وائرل ہوتی ہے اور پھر تمام صارفین ہی اس پر اپنے تبصرے دیتے نظر آتے ہیں۔ کبھی کسی اداکار کی سالگرہ اس طرز سے منائی جاتی ہے کہ تصاویر وائرل ہوجاتی ہیں جبکہ کوئی ایسا بیان دے دیتا ہے کہ صارفین انہیں خوب ٹرول کرتے ہیں۔
آج ہم آپ کو ان 4 اداکاروں کے بارے میں بتانے والے ہیں جو گزشتہ ہفتے خبروں کی زینت بنے رہے، اور سوشل میڈیا پر چھائے رہے۔
1) ندا یاسر
اس فہرست میں پہلا نمبر تو مارننگ شو ہوسٹ ندا یاسر کا ہی ہوگا کیونکہ اگر ایسا نہ ہوا تو یہ سراسر ناانصافی ہے۔ ندا یاسر اکثر و بیشتر ہی اپنے پروگرام میں دکھائی جانے والی چیزوں کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بنتی ہیں۔ گزشتہ ہفتہ بھی کچھ ایسا ہی ہوا، کراچی میں زیادتی کا نشانہ بننے والی اور پھر قتل کردی جانے والی معصوم مروہ کے والدین کو ندا نے اپنے شو پر بلایا اور ان سے اس قسم کے سوالات کیے جس پر عوام حیران رہ گئی۔ اس شو کے بعد ندا یاسر ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گئیں جبکہ صارفین نے پیمرا سے یہ مطالبہ کیا کہ یا تو ندا کو اس شو کی میزبانی کے فرائض سے ہٹایا جائے یا اس شو کو ہی بند کردیا جائے۔ اس کے بعد ندا نے عوام سے معافی بھی مانگی لیکن شاید وہ کافی نہ تھی۔ یہ ہی وجہ ہے کہ پچھلا پورا ہفتہ مارننگ شو ہوسٹ سوشل میڈیا پر چھائی رہیں۔
2) ارطغرل غازی کے دوآن ایلپ (جاوید جیتن گُنیر)

ارطغرل غازی پاکستان میں دیکھا جانے والا سب سے مشہور ترکش ڈرامہ ہے، اس ڈرامہ کے تمام اداکاروں کو پاکستانی مداح بے پناہ پسند کرتے ہیں۔ گزشتہ ہفتہ اداکار جاوید جیتن نے اسلام آباد پاکستان کا دورہ کیا، جس پر مداحوں کی خوشی کی انتہا نہ تھی۔ ٹوئٹر پر 'دوآن ایلپ'، 'ارطغرل غازی' اور 'ویلکم ٹو پاکستان' ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔ لوگوں نے اداکار کے اس اقدام کو بے حد سراہا جبکہ اداکار خود بھی پاکستان کے حوالے سے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اسٹوریز اپ لوڈ کرتے رہے۔ یوں گزشتہ ہفتہ ارطغرل غازی کے مشہور کردار دوآن ایلپ کے نام رہا۔


3) ایمن خان

ایمن خان پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ ہیں، جنہوں نے فی الحال اداکاری کو وقفہ دے رکھا ہے اور ساری توجہ اپنی 1 سال کی بیٹی 'امل' پر لگائی ہوئی ہے۔ گزشتہ ہفتہ امل کی سالگرہ دھوم دھام سے منائی گئی جس پر ایمن نے شوبز انڈسٹری کے دیگر اسٹارز کو فنکشن میں مدعو کیا۔ ایمن اور ان کی فیملی کی تصاویر سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئیں جبکہ مداحوں کی جانب سے بھی اداکارہ کی خوب حوصلہ افزائی کی گئی۔
4) عائزہ خان

عائزہ خان پاکستان کی بہترین اداکارہ ہیں، گزشتہ ہفتہ ان کا ایک فوٹو شوٹ ہوا جس میں ان کے ہمراہ ان کی بہن بھی موجود تھیں، اداکارہ اس فوٹو شوٹ میں پیلے رنگ کے لباس میں ملبوس نظر آئیں، عائزہ کے اس فوٹو شوٹ کی تصاویر خوب وائرل ہوئیں جبکہ مداحوں نے ان کی خوب تعریف بھی کی۔

یوں یہ 4 اداکار گزشتہ ہفتہ سوشل میڈیا پر چھائے رہے۔