چناب میں خانکی ہیڈورکس پر سیلاب سے ہائیڈرالک ڈھانچے کو نقصان پہنچنے کا خطرہ، این ڈی ایم اے

اردو نیوز  |  Aug 27, 2025

پاکستان کی نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے دریائے چناب میں خانکی ہیڈورکس پر شدید سیلابی صورتحال سے خبردار کرتے ہوئے ڈھانچے کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ظاہر کیا ہے۔

بدھ کی دوپہر جاری کیے بیان میں این ڈی ایم اے نے کہا کہ دریائے چناب میں خانکی کے مقام پر پانی کا بہاؤ 10 لاکھ کیوسک سے تجاوز کر گیا ہے جبکہ ہیڈ ورکس کی ڈیزائن کردہ گنجائش 8 لاکھ کیوسک ہے۔

’شدید سیلابی ریلے کے باعث ہیڈ ورکس کے ہائیڈرالک ڈھانچے کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ وزیراعظم کی ہدایت پر این ڈی ایم اے تمام ریسکیو آپریشن کی نگرانی کر رہا ہے۔‘

بیان میں کہا گیا ہے کہ عوام حفاظتی اقدامات یقینی بنائیں۔ ’مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر فوری عمل کریں اور امدادی ٹیموں سے رابطہ رکھیں۔‘

دوسری جانب پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے کہا ہے کہ دریائے راوی، چناب اور ستلج میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کی صورتحال برقرار ہے جبکہ ضلع نارووال میں کرتارپور کا علاقہ ڈوب گیا ہے۔

بدھ کی صبح جاری بیان میں پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ دریائے راوی کے پاٹ میں بسے شہریوں کے فوری انخلاء کا فیصلہ کیا گیا جبکہ ملحقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ انخلا کو یقینی بنائیں۔

بیان کے مطابق صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق اور چیف سیکریٹری پنجاب زاہد اختر زمان کے زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے۔

موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے دریائے چناب اور راوی میں بریچنگ سیکشنز نہ لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ سیلاب سے متاثرہ اضلاع کو فوری اضافی فنڈز فراہم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ 

ریسکیو و ریلیف سرگرمیوں میں سول انتظامیہ کی مدد کے لیے 7 اضلاع میں فوج کو طلب کیا گیا ہے۔

اجلاس میں بتایا گیا ہے کہ دریائے راوی میں آج بدھ کو  شاہدرہ سے 1 لاکھ 50 ہزار کیوسک تک پانی کا ریلہ گزرے گا۔

سیالکوٹ میں بارشوں کا 49 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

محکمہ موسمیات کے مطابق سیالکوٹ میں بارشوں کا 49 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سیالکوٹ میں 363.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس سے قبل 6 اگست 1976 میں سیالکوٹ شہر میں 339.7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ دریائے راوی میں کوٹ نینا کے مقام سے 2 لاکھ 30 ہزار کیوسک پانی داخل ہو رہا ہے، جسڑ سے 2 لاکھ 29 ہزار، سائفن سے 72 ہزار کیوسک اور شاہدرہ سے 71 ہزار کیوسک پانی گزر رہا ہے۔

ریلیف سرگرمیوں میں سول انتظامیہ کی مدد کے لیے 7 اضلاع میں فوج کو طلب کیا گیا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ میں پانی کا بہاؤ 9 لاکھ 22 ہزار کیوسک تک پہنچ گیا ہے جبکہ خانکی کے مقام پر اونچے درجے کی سیلابی صورتحال ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث دریاؤں کے پانی میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ 

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کا کہنا ہے کہ بارشوں کے باعث پنجاب کے دریاؤں اور ندی نالوں کے بہاؤ میں تاریخی اضافہ ہوا ہے جبکہ دریائے چناب، راوی، ستلج اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں طغیانی کی صورتحال ہے ۔ 

ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات کی ہیں۔

دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ایمرجنسی سینٹر نے دریاؤں کے کناروں اور واٹر ویز پر رہائش پذیر افراد کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کا کہا ہے۔

ایمرجنسی سینٹر نے شہریوں کو سیلاب زدہ علاقوں میں غیر ضروری سفر سے مکمل گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More