بھارتی فلم انڈسٹری کے لیجنڈ اور بے پناہ شہرت پانے والے اداکار یوسف خان المشہور دلیپ کمار کےخاندان کو ایک ماہ سے بھی کم عرصہ کے دوران دوسرا بڑا صدمہ پہنچا ہے اور ان کے دونوں چھوٹے بھائی 15 دن کے وقفے سے یکے بعد دیگرے انتقال کر گئے ہیں جبکہ 97 سالہ لیجنڈ اداکار کو اپنے دونوں بھائیوں کے انتقال کی خبر سے لاعلم رکھا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا ذرائع ابلاغ کے مطابق اداکار دلیپ کمار کے چھوٹے بھائی احسان خان بھی کورونا وائرس کا شکار ہو کر گذشتہ شب انتقال کر گئے تھے جنہیں مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ہے،اس سے قبل گذشتہ ماہ 21 اگست کو دلیپ کمار کے ایک اور چھوٹے بھائی اسلم خان بھی کورونا کا شکار ہو کر ممبئی کے اِسی ہسپتال میں دنیا سے چل بسے تھے۔
مشہور بھارتی اداکار یوسف خان کی اہلیہ سائرہ بانو کے مطابق یوسف خان کو اپنے دونوں بھائیوں کی موت کے بارے میں نہیں بتایا گیا، ہم ہر طرح کی پریشان کن خبریں اُن سے دور رکھتے ہیں،ان دونوں بھائیوں کو کھونا ہمارے لئے بہت ہی ہولناک ہے، ہم نے کچھ دن پہلے ایک دوست کو بھی کھو دیا تھا، وہ صرف 51 برس کی تھیں اور زندگی سے بھرپور تھیں، کورونا وبا یقیناً خدا کی طرف سے کوئی سزا ہے، اس سے قبل کبھی ایسی تباہی نہیں دیکھی، پوری دنیا گمراہ ہوچکی ہے اور اس کی قیمت چکارہی ہے، اب ہمیں خدا سے دعا کرنی چاہیے کہ وہ ہمیں معاف کردے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دلیپ کمار کے چھوٹے بھائی احسان خان کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ممبئی کے لیلاوتی ہسپتال میں زیر علاج تھے جہاں رات گئے ان کا انتقال ہو گیا تھا۔ 90 سالہ احسان خان عارضہ دل، ہائپر ٹینشن اور الزائمر جیسے مرض میں مبتلا تھے جبکہ کورونا کے باعث ان کی حالت کافی نازک ہوچکی تھی۔
خیال رہے کہ دلیپ کمار کے دونوں بھائیوں احسان خان اور اسلم خان کو 16 اگست کو کووڈ 19 کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔