کینسر ایک ایسی بیماری ہے جو انسان کو لگ جائے تو اس سے جان چھڑوانا کافی مشکل ہوتا ہے۔ پہلے زمانے میں بہت کم سنا جاتا تھا کہ کوئی شخص کینسر میں مبتلا ہوا ہے جبکہ اب یہ بیماری انتہائی عام ہو چکی ہے۔
خواتین میں 'چھاتی کا کینسر' (Breast Cancer) دن بدن بڑھتا ہی جارہا ہے، ڈاکٹرز ان خواتین کو باقاعدگی سے چیک اپ کا مشورہ دیتے ہیں جو 35 سال سے زائد عمر کی ہیں کیونکہ اس کینسر سے سالانہ لاکھوں خواتین موت کے منہ میں چلی جاتی ہیں۔
تاہم سائنسدانوں نے شہد کی مکھی کے زہر کے ذریعے ایک تحقیق کی ہے جس سے انہوں نے کینسر کا علاج دریافت کیا ہے۔
اے بی سی کے مطابق آسٹریلیا کے سائنسدانوں نے اس تحقیق میں چھاتی کے کینسر میں مبتلا مادہ چوہوں کو ان کی موجودہ کیموتھراپی ادویات کے ساتھ شہد کی مکھی کے زہر میں پایا جانے والا مرکزی کمپاﺅنڈ دیا۔
تاہم تحقیق کے نتائج میں یہ بات سامنے آئی کہ جن مادہ چوہوں کو کیموتھراپی ادویات کے ساتھ یہ کمپاﺅنڈ دیا گیا ان میں صحتیابی کی شرح کئی گنا زیادہ ہو گئی تھی۔
تحقیقاتی ٹیم کی سربراہ ڈاکٹر کیارا ڈوفی کا کہنا تھا کہ 'ہمیں امید ہے کہ ہماری یہ تحقیق چھاتی کے کینسر کے علاج میں ایک بڑی پیش رفت ثابت ہوگی اور ہم اس مرض سے ہونے والی اموات میں نمایاں کمی لانے میں کامیاب ہو سکیں گے'۔
واضح رہے مذکورہ تحقیق آسٹریلوی شہر پرتھ کے ہیری پرکنس انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل ریسرچ کے سائنسدانوں کی جانب سے کی گئی۔