بالی ووڈ انڈسٹری کی تقریباً ہر اداکارہ کی جلد تروتازہ اور خوبصورت دکھائی دیتی ہے، کم عمر اداکارائیں تو خوبصورت ہیں ہی لیکن زیادہ عمر والی اداکاراؤں کی جلد بھی بھی بہت اچھی ہے۔
1) پرینکا چوپڑا
اداکارہ پرینکا چوپڑا کی عمر 35 سال ہے لیکن کوئی بھی اس بات کو ماننے کے لیے تیار نہ ہوگا کیونکہ اداکارہ کہیں سے پینتیس سال کی نہیں لگتیں۔ پرینکا کی جلد بہت ہی خوبصورت اور تروتازہ ہے۔ اداکارہ نے انٹرنیشنل فیشن میگزین کو ایک انٹرویو دیا جس میں اداکارہ نے اپنی تروتازہ جلد اور صبح کے معمولات سے متعلق بتایا۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان کی صبح موئسچرائزنگ کے بغیر نہیں ہوتی، بھلے وہ رات میں ایک گھنٹہ ہی آرام کیوں نہ کریں۔ اداکارہ کے مطابق ہر بار غسل کے بعد موئسچرائزر کا استعمال ان کے لیے لازمی ہے۔
پریانکا کھوپرے کا تیل باقاعدگی سے پیتی ہیں۔ پریانکا ناشتے میں دو انڈوں یا دلیہ کے ساتھ ایک گلاس بالائی کے بغیر دودھ پیتی ہیں۔
2) سوناکشی سنہا
سوناکشی سنہا بالی ووڈ کی نامور اداکارہ ہیں۔ ان کی جلد بھی بہت تروتازہ اور خوبصورت نظر آتی ہے۔ عام طور پر کئی خواتین کی جلد ڈائٹنگ شروع کرنے کے ساتھ مرجھا جاتی ہے لیکن بالی ووڈ اسٹار سوناکشی کے ساتھ ایسا کچھ نہ ہوا، انہوں نے وزن بھی کم کیا اور اپنی خوبصورتی میں بھی اضافہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق سوناکشی صبح اٹھتے ہی پانی کا ایک بڑا گلاس پیتی ہیں جبکہ وزن میں کمی لانے کے لیے گرم پانی میں شہد اور لیموں کا استعمال اداکارہ کا پسندیدہ ہے۔ یہ مستقل کلینزنگ، ٹوننگ اور موئسچرائزنگ بھی کرتی ہیں۔
3) سونم کپور
سونم کپور کو بھارت کی اسٹائلش اداکارہ کہا جاتا ہے۔ اداکارہ نے اپنے صبح کے معمولات سے متعلق ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ وہ صبح بیدار ہوتے ہی لیموں اور شہد کا گرم پانی پیتی ہیں۔ شوٹ پر جاتے ہوئے اداکارہ موئسچرائزر اور سن اسکرین کو ترجیح دیتی ہیں۔ سونم ناشتے میں آملیٹ، سلائس اور موسمی پھل لیتی ہیں۔
4) کترینہ کیف
بالی ووڈ انڈسٹری کی معروف اداکارہ کترینہ پانی کی کمی کو پورا کرنے اور جلد کے خلیات کو تروتازہ رکھنے کے لیے صبح اٹھتے ہی 4 سے 5 گلاس پانی پیتی ہیں جبکہ کلینزنگ اور موئسچرائزنگ کو کبھی غلطی سے بھی نظر انداز نہیں کرتیں، اداکارہ نے کچھ عرصہ قبل اپنی مارننگ روٹین کے حوالے سے انسٹاگرام پرایک ویڈیو شیئر کی، جس میں وہ صبح تیار ہونے سے پہلے برف اور پانی سے بھرے پیالے میں تین سے چار مرتبہ چہرے کو ڈبو رہی ہیں۔