بالی ووڈ انڈسٹری میں اقربا پروری زور پکڑتی جارہی ہے۔ بھارتی اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کے بعد سوشل میڈیا پر نا ختم ہونے والی بحث جاری ہے جبکہ مداحوں میں شدید غصہ پایا جارہا ہے۔ یہ ہی وجہ ہے کہ مہیش بھٹ کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم 'سڑک 2' کا ٹریلر بھارت کی سب سے زیادہ ناپسند کی جانے والی ویڈیو بن چکی ہے۔
مہیش بھٹ کی فلم میں سنجے دت، عالیہ بھٹ اور آدیتہ رائے کپور نے اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں جبکہ فلم کے پروڈیوسر عالیہ بھٹ کے چچا اور مہیش بھٹ کے بھائی مکیش بھٹ ہیں۔
سڑک 2 کا ٹریلر 12 اگست کو ریلیز کیا گیا تھا جبکہ ٹریلر کی اس ویڈیو نے دیکھتے ہی دیکھتے ناکامی کا نیا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ بھارتی اخبار انڈیا ٹوڈے کے مطابق سڑک 2 کے ٹریلر کی ویڈیو بھارت میں ناپسند کی جانے والی یوٹیوب کی پہلی ویڈیو بن گئی جبکہ دنیا بھر کی ناپسندیدہ ویڈیوز میں اس کا نمبر تیسرا ہے۔
فلم کے ٹریلر کی ویڈیو کو اب تک 1 کروڑ 10 لاکھ لوگ ناپسند کر چکے ہیں۔
واضح رہے اداکار سشانت سنگھ راجپوت کے قتل میں مبینہ طور پر کئی نامور اداکاروں اور ہدایتکاروں کے ملوث ہونے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے، ان میں سے ایک نام ہدایتکار مہیش بھٹ کا بھی ہے۔