فلم انڈسٹری بالی ووڈ ہو یا لالی ووڈ، ڈائریکٹرز کی ہمیشہ یہ کوشش ہوتی ہے کہ وہ لوگوں کے لیے کچھ نیا لائیں جو منفرد بھی ہو اور دلچسپ بھی۔ پاکستانی فلم انڈسٹری کی بہت سی اداکارائیں ایک ہی فلم میں ڈبل رول کر چکی ہیں جبکہ ان کے کردار اور محنت دونوں کو ہی کافی سراہا گیا۔
بالی ووڈ کی فلموں میں اکثر و بیشتر ہم دیکھتے ہیں کہ اداکار ایک فلم میں دو کردار نبھا رہے ہوتے ہیں، آج ہم آپ کو 5 مشہور اداکاراؤں کے بارے میں بتانے والے ہیں جنہوں نے فلم میں دو لوگوں کے فرائض سرانجام دیے جبکہ لوگوں کی جانب سے دونوں کرداروں کو ہی بے حد پسند کیا گیا۔
1) کاجول
کاجول بالی ووڈ کی نامور اداکارہ ہیں، یہ جو بھی کردار ادا کریں اسے مداح بہت پسند کرتے ہیں۔ اداکارہ نے 1998 میں ایک فلم 'دشمن' کی جس میں ان کی اداکاری اس قدر جاندار تھی کہ لوگ اسے آج تک نہیں بھلا پائے ہیں۔ کاجول نے جڑواں بہنوں کے کردار ادا کیے جن کا نام 'سونیا' اور 'نینا' تھا۔ یہ دونوں کردار ایک دوسرے سے بالکل مختلف تھے۔ جہاں سونیا چلبلی اور زندگی سے بھرپور لڑکی تھی وہیں نینا شرمیلی اور خاموش طبیعت کی مالک ہوتی ہے۔
2) شمیم آرا
ماضی کی مشہور ترین اداکارہ شمیم آرا کو پاکستانی فلم انڈسٹری میں محض اداکارہ ہی نہیں بلکہ کامیاب ہدایتکارہ کے طور پر بھی پہچانا جاتا ہے۔ انہوں نے اپنے وقت کے باصلاحیت اور معروف اداکاروں کے ساتھ کام کر کے خود کو منوایا جبکہ ان کی فلمیں سپرہٹ ثابت ہوئیں۔ شمیم آرا نے فلم 'ہمراز' میں ڈبل کردار نبھا کر فلم بینوں اور مداحوں سے بے پناہ داد سمیٹی۔
3) دپیکا پڈوکون
دپیکا پڈوکون کا شمار بالی ووڈ کی ان اداکاراؤں میں ہوتا ہے جن کے دنیا بھر میں لاکھوں مداح موجود ہیں۔ انہوں نے 2007 میں اپنے کیریئر کا آغاز فلم 'اوم شانتی اوم' سے کیا۔ فلمی کیرئیر کے آغاز سے ہی اداکارہ نے اپنا نام بنالیا، اوم شانتی اوم میں انہوں نے بہترین اداکاری کی۔ اس فلم میں ان کا ڈبل کردار تھا جبکہ دونوں کردار ایک دوسرے سے بالکل مختلف تھے۔ انہوں نے بیک وقت 'شانتی' اور 'سینڈی' کا کردار ادا کیا۔ شانتی ایک سپر اسٹار، سمجھ دار لڑکی ہوتی ہے جبکہ سینڈی لاپرواہ سی لڑکی ہوتی ہے۔ فلم میں اداکارہ کے دونوں کرداروں کو ہی بے حد سراہا گیا۔
4) انجمن
انجمن پاکستانی فلم انڈسٹری کا ایک نمایاں اور قابلِ ذکر نام ہے جنہیں سنیما کے شائقین نے کئی فلموں میں دیکھا اور ان کی پرفارمنس کو سراہا۔ اداکارہ انجمن نے سال 1987 میں فلم 'دُلاری' میں اداکاری کی جس میں انہوں نے ڈبل رول ادا کیا۔
5) سری دیوی
سری دیوی بالی ووڈ کا وہ نام ہے جس نے اس انڈسٹری کو متعدد ہٹ فلمیں دیں۔ سری دیوی نے صرف ایک نہیں بلکہ 3 فلموں میں ڈبل کرادر کیے جس میں 'چالباز، خدا گواہ اور لمحے' شامل ہیں۔