ٹی وی کی مشہور ترین اداکارہ نائلہ جعفری کے گھر نامعلوم افراد نے حملہ کردیا۔
گلگت میں اداکارہ کے گھر پر مبینہ طور پر 2 افراد نے حملہ کیا، رپورٹ کے مطابق حملہ آوروں نے نائلہ جعفری کے مکان پر پتھراؤ کیا اور خوب توڑ پھوڑ کی۔ اداکارہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ملزمان ان سے زبردستی مکان خالی کروانا چاہتے ہیں۔
نائلہ جعفری کی جانب سے آئی یو تھانے میں درخواست جمع کروائی گئی ہے جس کے مطابق دو افراد نے ان کو گھر خالی کرنے کے لیے دھکمیاں دیں۔ درخواست کے مطابق دونوں افراد نے نائلہ جعفری پر حملہ کیا جس سے ان کا موبائل فون گرگیا، دونوں افراد نے گھر کے اندر پتھر بھی پھینکے تاہم نائلہ جعفری محفوظ رہیں۔
اداکارہ نے درخواست میں کہا ہے کہ انہیں تحفظ فراہم کیا جائے اور حملہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ پولیس کا اس متعلق کہنا ہے کہ نائلہ جعفری کی درخواست پر کارروائی شروع کردی گئی ہے۔
انہوں نے اپنی درخواست میں کسی بھی ملزم یا ملزمان کو نامزد نہیں کیا تاہم صرف حلیہ بتایا ہے۔