مومل شیخ نے زیادہ ڈراموں میں اداکاری تو نہیں کی لیکن وہ ایک باصلاحیت اداکارہ ہیں۔ اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ انہوں نے ہمیشہ زیادہ کام کرنے کے بجائے معیاری کام کرنے کو اہمیت دی۔
اداکار جاوید شیخ نے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اس بات کا انکشاف کیا کہ مومل شیخ کی بالی ووڈ میں انٹری ان کی سفارش پر نہیں ہوئی تھی بلکہ ان کا کام دیکھ کر ہوئی تھی۔
جاوید شیخ نے بتایا کہ فلم ہیپی بھاگ جائے گی میں جس بھارتی اداکارہ نے پاکستانی لڑکی کا کردار ادا کرنا تھا اس نے آخری وقت پر انکار کردیا۔ فلم کے پروڈیوسر انتہائی پریشان تھے، چونکہ میں بھی فلم کا حصہ تھا لہٰذا انہوں نے مجھ سے کہا کہ چند پاکستانی اداکاراؤں کے نام مجھے بتائیں۔
جاوید شیخ نے انہیں دو سے تین کے نام بتا دیے، اداکار نے بتایا کہ پروڈیوسر اور ڈائریکٹر کو انٹرنیٹ پر ہی مومل کی تصویر ملی اور اس کی اداکاری کافی پسند آئی۔
ڈائریکٹر یہ نہیں جانتے تھے کہ مومل جاوید شیخ کی بیٹی ہیں، انہیں شک ضرور تھا۔ لیکن جب انہیں معلوم ہوا تو انہوں نے جاوید شیخ سے کہا آپ نے اپنی بیٹی کا نام ہمیں کیوں نہیں بتایا؟
جاوید شیخ نے جواب دیا کہ میں نے کبھی اپنے بچوں کی سفارش نہیں کی، شہزاد شیخ اور مومل شیخ آج جو کچھ بھی ہیں وہ اپنی کامیابی کی وجہ سے ہیں۔