پاکستان کے معروف ترین ڈرامہ رائٹر خلیل الرحمٰن قمر کو رواں سال مارچ کے مہینے میں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا جس کی سب سے بڑی وجہ لائیو ٹی وی پروگرام میں سماجی کارکن ماروی سرمد کے خلاف ناشائستہ جملے استعمال کرنا تھی۔
مذکورہ پروگرام کے چند دن بعد سوشل میڈیا پر خلیل الرحمٰن کی جانب سے ایک صحافی کو دیے گئے انٹرویو کی کچھ کلپز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں جن میں ڈرامہ نگار کو صحافی پر چلاتے ہوئے دیکھا اور سنا جا سکتا تھا۔
چھوٹی سی ویڈیو میں ڈرامہ نگار انتہائی طیش میں نظر آرہے تھے اور صحافی پر چلا رہے تھے۔
تفصیلات کے مطابق صحافی فرخ شہباز وڑائچ نے پنجاب کے دارالحکومت لاہور کی سول عدالت میں خلیل الرحمٰن قمر کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کیا تھا اور ان کی درخواست پر 8 مارچ کو عدالت میں سماعت ہوئی جبکہ عدالت کی جانب سے ڈرامہ نگار کو جواب داخل کرانے کے لیے نوٹس جاری کردیا گیا ہے۔