وبائی مرض کورونا وائرس سب سے پہلے انسانی جسم میں موجود پھیپھڑوں کو متاثر کرتا ہے۔ اس وائرس کا اثر نظامِ تنفس پر ہوتا ہے جس کے نتیجے میں اکثر مریضوں کو خشک کھانسی اور سانس لینے میں مشکلات کے ساتھ بخار کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
رواں ماہ کے آغاز میں امریکہ کے جارج واشنگٹن یونیورسٹی ہاسپٹل میں اس وائرس کے پہلے مریض کو داخل کیا گیا تھا۔
تاہم اب وہاں کے ڈاکٹروں نے ورچوئل رئیلٹی ٹیکنالوجی کو استعمال کر کے مریض کے پھیپھڑوں کا جائزہ لیا اور اس کی ویڈیو گزشتہ دنوں یوٹیوب پر شیئر کر دی۔
ویڈیو میں پھیپھڑوں کے صحت مند ٹشوز کو نیلے جبکہ وائرس سے متاثر ٹشوز کو زرد رنگ میں دکھایا گیا ہے۔
ہسپتال کے چھاتی کی سرجری کے شعبے کے سربراہ ڈاکٹر کیتھ مورٹمین نے بتایا 'پھیپھڑوں کے وائرس سے متاثرہ اور صحت مند ٹشوز کا امتزاج چونکا دینے والا ہے، درحقیقت اس کو دیکھنے کے بعد یہ سمجھنے کے لیے نام کے ساتھ طبی ڈگری کی ضرورت نہیں کہ پھیپھڑوں کو ہونے والا نقصان کسی ایک حصے تک محدود نہیں، درحقیقت دونوں پھیپھڑوں کو شدید نقصان پہنچتا ہے'۔
ان کا کہنا تھا کہ 'اس سے کووڈ 19 سے صحت یاب ہونے والے افراد کے پھیپھڑوں کو طویل المعیاد بنیادوں پر نقصان پہنچنے کا امکان پیدا ہوتا ہے'۔