بھارت: مذہبی آزادی پر ایک اور قدغن لگانے کی تیاری

سچ ٹی وی  |  Apr 03, 2025

بھارتی لوک سبھا میں متنازع وقف ترمیمی بل منظور کر لیا گیا۔ وقف ترمیمی بل لوک سبھا میں منظوری کے بعد آج ہی راجیہ سبھا میں پیش ہو گا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق وقف ترمیمی بل لوک سبھا میں 12 گھنٹے بحث کے بعد منظور کیا گیا جس کی حمایت میں 288 اور مخالفت میں 232 ووٹ پڑے۔

کانگریس کی رہنما سونیا گاندھی نے کہا ہے کہ وقف ترمیمی بل آئین پر حملہ ہے، مودی حکومت ملک کو کھائی میں گھسیٹ رہی ہے، مودی حکومت آئین کو بھی برباد کرنا چاہتی ہے۔

سونیا گاندھی نے یہ بھی کہا ہے کہ ہم سب کے لیے ضروری ہے کہ صحیح بات کے لیے لڑتے رہیں۔

رکنِ پارلیمنٹ اسد الدین اویسی نے لوک سبھا میں وقف بل کی مخالفت کی اور کہا کہ یہ بل آرٹیکل 25، 26 کی خلاف ورزی ہے، وقف بل مسلمانوں کے ساتھ ناانصافی ہے۔

وقف ترمیمی بل کیا ہے؟

مودی حکومت نے مسلمانوں کی وقف کردہ زمین کے انتظام میں زبردست تبدیلیوں کا منصوبہ بنایا ہے جس سے حکومت اور مسلمانوں کے درمیان ممکنہ طور پر کشیدگی پیدا ہو سکتی ہے۔

زمین اور جائیدادیں وقف کے زمرے میں آتی ہیں اور مذہبی، تعلیمی یا خیراتی مقاصد کے لیے کسی مسلمان کی جانب سے عطیہ کی گئی ہیں، ایسی اراضی کو منتقل یا فروخت نہیں کیا جاسکتا۔

حکومت اور مسلم تنظیموں کا اندازہ ہے کہ وقف بورڈ کے پاس تقریباً 8 لاکھ 51 ہزار 5 سو 35 جائیدادیں اور 9 لاکھ ایکڑ اراضی ہے جس سے وہ بھارت کے سرفہرست تین بڑے زمینداروں میں شامل ہوتے ہیں۔

وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت کا پیش کردہ وقف (ترمیمی) بل میں مرکزی وقف کونسل اور وقف بورڈ میں غیر مسلم اراکین کو شامل کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے اور اس سے حکومت کو متنازع وقف املاک کی ملکیت کا تعین کرنے کا اختیار مل جائے گا۔

یہ قانون مسلم برادری اور مودی حکومت کے درمیان کشیدگی کے دوران سامنے آیا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More