معروف گلوکار علی ظفر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر خواجہ سرا جولی خان کی وائرل ہوئی ویڈیو شئیر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کہانی سُن کر میرا دل ٹوٹ گیا۔
تفصیلات کے مطابق جولی خان نامی سماجی کارکن خواجہ سرا اپنی وائرل ہوئی ویڈیو میں بتا رہا ہے کہ پوری دُنیا کو قرنطینہ میں رکھنے سے اُن کی زندگیوں پر کوئی اثر نہیں ہوا ہے۔
جولی نے کہا کہ 'معاشرہ اب قرنطینہ میں گیا ہے تو اِس وجہ سے سب کو پریشانی ہو رہی ہے لیکن ہمارے لیے یہ نئی بات نہیں ہے کیونکہ ہم تو پہلے سے قرنطینہ میں رہ رہے ہیں۔ ہم کونسا اپنے گھروں میں اپنے بہن بھائیوں کے ساتھ رہ رہے ہیں اور کونسا ہمارے بہت زیادہ دوست احباب ہیں'۔
گلوکار علی ظفر نے یہ ویڈیو ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ 'ہماری اجتماعی ذمہ دای بنتی ہے کہ ہم معاشرے میں تمام خواجہ سراؤں کو برابری اور محبت کا احساس دلائیں، اُنہوں نے لکھا کہ سب کو اللّہ نے بنایا ہے'۔