پاکستان کے معروف لیجنڈری اداکار جاوید شیخ نے گزشتہ شب نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں شرکت کی جس میں انہوں نے اپنے انڈسٹری میں آنے کے حوالے سے بتایا۔
اداکار نے کہا کہ 'میں نے اپنے کیریئر کی شروعات بطور ایکسٹرا کی تھی۔ ریڈیو پاکستان میں 5 بار آڈیشن دیا اور پانچوں بار فیل ہوا لیکن دلبرداشتہ ہو کر کبھی ہمت نہ ہاری۔ چھٹی بار مجھے سلیکٹ کرلیا گیا اور میں نے صرف ایک لائن بولی'۔
جاوید شیخ کا مزید کہنا تھا کہ 'میرے زمانے میں نیا نیا ٹی وی آیا تھا تو میں ایک سفارشی اداکار کے طور پر گیا۔ میں نے پروڈیوسر آفتاب افغانی صاحب سے کہا کہ مجھے ٹی وی پر کام کرنا ہے۔ انہوں نے پی ٹی وی کراچی کے پروڈیوسر و ہدایت کار امیر امام صاحب کو فون کیا اور میرے بارے میں بات کی اور اس طرح مجھے ایک چھوٹا سا کردار ملا جو ایک ملازم کا تھا'۔
بالی ووڈ میں کام کرنے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں جاوید شیخ نے کہا کہ 'بھارت میں جو کچھ مسلمانوں کے ساتھ ہو رہا ہے، مجھے نہیں لگتا کہ ابھی میرا وہاں کام کرنے کا دل کرے گا۔ جب تک حالات سیاسی طور پر سازگار نہیں ہو جاتے تب تک میرا دل نہیں کرے گا'۔
لیجنڈری اداکار جاوید شیخ کا مزید کہنا تھا کہ 'اس وقت پاکستان اور بھارت کے جو حالات چل رہے ہیں اس صورتحال میں یہاں بھارتی فلمیں اور ڈرامے بھی نہیں دکھانے چاہئیں'۔
واضح رہے جاوید شیخ بالی ووڈ میں 20 سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔