سید عماد وسیم حیدر جنہیں عام طور پر عماد وسیم کے نام سے جانا جاتا ہے پاکستان کرکٹ ٹیم کے مقبول کھلاڑی ہیں۔ عماد وسیم 18 دسمبر 1988 کو برطانیہ میں پیدا ہوئے۔ جب عماد کی عمر دو سال تھی تب ان کے والدین پاکستان منتقل ہوگئے تھے اور اس وقت وہ اسلام آباد میں رہائش پزیر ہیں۔
ان کے متعلق کہا جاتا ہے کہ یہ وسیم اکرم کے بہت بڑے مداح ہیں اور جب عماد چھوٹے تھے تب وہ پاکستان کے بہترین باؤلر وسیم اکرم کی باؤلنگ بہت غور سے دیکھا کرتے تھے۔
عماد وسیم کو بچپن سے ہی پڑھنے لکھنے کا بہت شوق تھا اور وہ کافی ذہین بھی ہیں۔ آل راؤنڈر عماد وسیم کو شروع سے ہی اپنے گھر کے خرچوں کی فکر لاحق نہیں ہوئی کیوں کہ ان کا گھرانہ معاشی طور پر مستحکم تھا ۔
اسلام آباد میں ہونے والے انڈر 19 کے ٹرائل میں عماد وسیم نے اپنی شاندار اسپن باؤلنگ کے باعث سلیکٹرز کی توجہ حاصل کی جس کے بعد وہ قومی انڈر 19 میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئے تھے۔ 2006 میں ہونے والے انڈر 19 ورلڈ کپ میں سرفراز احمد کی قیادت اور عماد وسیم کی عمدہ باؤلنگ سے پاکستان پہلا انڈر 19 ورلڈ کپ جیتا تھا۔
اس کے بعد 2015 میں عماد وسیم کے لئے وہ خاص وقت آ ہی گیا تھا جب انہیں پہلی بار قومی نیشنل ٹیم کی نمائندگی کرنے کا موقع دیا گیا ۔ انہوں نے اپنا پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ زمبابوے کے خلاف کھیلا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے اپنا پہلا ون ڈے میچ 19 جولائی 2015 کو سری لنکا کے خلاف کھیلا۔
عماد پی ایس ایل کی ٹیم کراچی کنگز کے کپتان بھی ہیں اور اپنے تجربے کی بنیاد پر کپتانی کے جوہر بھی دکھا رہے ہیں۔
قومی کرکٹر عماد وسیم کا نکاح پاکستانی نژاد برطانوی خاتون ثانیہ اشفاق سے ہوا۔ ان کی شادی کی تقریب 26 اگست 2019 کو اسلام آباد میں منعقد ہوئی تھی۔