انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پاکستان کی بھارتی ٹیم سے شکست کے بعد قومی سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر پاکستان کرکٹ بورڈ پر کھل کر برسے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے ایک ویڈیو میں انڈر 19 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں بھارت کے ہاتھوں پاکستان کی شکست کے بعد پی سی بی کو بہت تنقید کا نشانہ بنایا۔
شعیب اختر نے اپنی ویڈیو میں کہا کہ ’انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی عمدہ کارکردگی کے لیے سب سے ضروری ہوتا ہے کہ اُن کا کوچ بہترین ہو جیسا کہ بھارت کی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ یہاں میں یونس خان اور محمد یوسف پاکستان کرکٹ ٹیم کی بہتری کے لیے اپنی خدمات دینے کے لیے تیار بیٹھے ہیں لیکن پی سی بی کی طرف سے کوئی دلچسپی ظاہر نہیں ہو رہی۔
سابق فاسٹ باؤلر کی جانب سے کہا گیا کہ پی سی بی پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑیوں و کرکٹ اسٹارز کو اہمیت نہیں دے رہا۔
تیز ترین فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے مزید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ُپاکستان کرکٹ بورڈ کے کچھ لوگ نہیں چاہتے کہ پی سی بی اچھے لوگ لانے میں کامیاب ہو اور اگر اچھے لوگ نہیں لاؤ گے تو حالات نہیں بدلیں گے۔
اُنہوں نے کہا کہ ’اگر میں، محمد یوسف اور یونس خان اِن لڑکوں کی کوچنگ کرتے تو میں دیکھتا کہ کون ایسے ہار کے آتا، کس کی کارکردگی بُری ہوتی، میں دیکھتا کہ یوسف کیسے رنز نہیں کرواتا اور میں دیکھتا کہ یونس خان کے ہوتے ہوئے لڑکے کیسے پرفارم نہیں کرتے۔
سابق فاسٹ باؤلر نے پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو سیمی فائنل تک پہنچنے کے لیے مبارکباد پیش کی ساتھ ہی بھارتی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی صلاحیتوں کی بھی تعریف کی۔