بھارت سے تعلق رکھنے والی ماڈل، ماہرِ غذائیت اور فٹنس ٹرینر سومیہ راؤ نے اپنا وزن 22 کلو گرام تک کم کر کے سب کو اپنی طرف متوجہ کرلیا۔
تیس (30) سالہ سومیہ کے مطابق جب انہوں نے اپنا وزن گھٹانے کے لئے مختلف ایکسرسائز کرنا شروع کیں تو ان کا وزن 82 کِلو گرام تھا۔ سومیہ نے اپنی کہانی بتاتے ہوئے کہا کہ 'مجھے جس چیز نے سب سے زیادہ اس طرف مائل کیا وہ لوگوں کی طرف سے ملنے والے طعنے تھے۔ لوگ براہِ راست یا ڈھکے چھپے الفاظ میں مجھے میرے موٹے ہونے کا احساس دِلاتے تھے جس سے میں اپنا اعتماد کھو رہی تھی'۔
سومیہ کا مزید کہنا تھا کہ 'میں اپنے پسندیدہ کپڑے بھی زیب تن نہیں کر سکتی تھی۔ اگر پہن بھی لیتی تو وہ مجھ پر اچھے نہیں لگتے تھے بس اسی وجہ سے میں نے اپنا وزن کم کرنے لئے محنت کرنا شروع کر دی۔ میں ہفتے میں 5 سے 6 دِن ایکسرسائز کیا کرتی تھی۔ میری مسلسل محنت کی وجہ سے آج میرا وزن 82 سے 60 کلو گرام ہو گیا'۔
سومیہ نے اپنی لینے والی غذا سے متعلق بتایا کہ وہ ناشتے میں انڈوں کی سفیدی کے ساتھ سلاد یا جو کا دلیا کھاتی تھیں جو وزن میں کمی کرنے کے لئے انتہائی مفید ہے۔ دوپہر کو لینے والی غذا میں انہوں نے باجرے کے چاول اور مختلف سبزیوں کا سالن شامل کیا ہوا تھا جبکہ رات کے کھانے میں انڈوں کا خکینہ اور سبزیوں کا سوپ لیتی تھیں۔ سومیہ نے ایکسرسائز سے قبل بغیر چینی کے تربوز کا جوس اور انڈوں کی سفیدی کو اپنی غذا میں شامل کیا ہوا تھا۔