کامیاب کامیڈی ڈرامہ سب سیٹ ہے تقریباً دو دہائیوں بعد نئے سیکوئل کے ساتھ ایک بار پھر ٹی وی اسکرینز پر نشر ہونے کے لیے تیار ہے۔
2000 کے اوائل میں نشر ہونے والے مزاحیہ ڈرامہ ’’سب سیٹ ہے‘‘ نے بہت کم عرصے میں نہ صرف کامیاب ہوا بلکہ ناظرین کے دل جیت بھی لیے تھے۔ ڈرامے میں کراچی کے متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے چار دوستوں بوبی، عمران، پنٹو اور نادیہ کی کہانی دکھائی گئی تھی۔ ڈرامے میں مرکزی کردار اظفرعلی، سلمان ثاقب شیخ عرف مانی، عدنان شاہ ٹیپو اور سلمیٰ نے ادا کیے تھے۔
اس سٹ کام کی سب سے منفرد بات یہ تھی کہ اس پروگرام میں پہلی بار کراچی کے محلوں میں بولے جانے والے الفاظ جیسے ’’ٹوپی‘‘، ’’ڈھکن‘‘ اور ’’برگر‘‘ استعمال کیے گئے۔ ڈرامے کی کہانی اور مزاح دیکھنے والوں میں بے حد مقبول ہوا خاص طور پر کراچی کے نوجوان اس ڈرامے کو بہت شوق سے دیکھا کرتے تھے۔
مقبول ترین ڈرامہ ’’سب سیٹ ہے‘‘ کو پسند کرنے والوں کے لیے خوشخبری ہے کہ قہقہوں سے بھرپور اسی ڈرامے کا سیکوئل ’’مڈ لائف‘‘ کے نام سے بہت جلد نشر کیا جائے گا۔ ڈرامے میں عمران کا کردار ادا کرنے والے اداکار، ڈائریکٹر اور رائٹر اظفر علی نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم طویل عرصے نئے انداز کے ساتھ واپس آرہے ہیں۔
کئی عرصے کے بعد ڈرامے کا سیکوئل بنانے کے سوال پر اداکار کا کہنا تھا کہ ناظرین وہ ڈرامہ دیکھتے دیکھتے ہمارے ساتھ آگے بڑھے ہیں، تو اب اس کی واپسی کا مقصد بھی یہی ہے کہ جو اسکرین پر دکھایا جائے وہ ان سے منسلک لگے۔
اظفرعلی کا کہنا تھا کہ ڈرامے کی اصل کاسٹ کے علاوہ 'مڈ لائف' میں مرینہ خان، عائشہ عمر، خالد انعم، بہروز سبزواری اور جنان حسین شامل ہیں۔ جبکہ اداکارہ حرا مانی بھی ڈرامے کے کچھ مناظر میں دکھائی دیں گی۔
اظفرعلی نے ڈرامے کے حوالے سے مزید بتایا کہ ’’مڈ لائف‘‘ میں ’’سب سیٹ ہے‘‘ کے چاروں مرکزی کرداروں کی مڈلائف یعنی ان کی زندگی کی آگے کی کہانی اور ادھیڑ عمری میں پیش آنے والے مسائل کو دکھایا جائے گا۔ اس کے علاوہ ’’سب سیٹ ہے‘‘ کی طرح ’’مڈلائف‘‘ مکمل سٹ کام نہیں ہوگا بلکہ سیریل ہوگا تاہم اس میں دیکھنے والے ناظرین کو کامیڈی بھی دکھائی جائے گی جو کہ یقینی طور پر انہیں ماضی کے دور کی یاد دلائے گی۔