اجلاس میں بنگلہ دیش کو سیریز کے لیے آمادہ کرنے پر بورڈ آف گورنرز کے اراکین نے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو وسیم خان کی صلاحیتوں کو سراہا۔
اجلاس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے عہدہ سنبھالنے کے بعد پیش کی گئی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی۔
قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق کی جانب سے بورڈ آف گورنرز کے اراکین کو کرکٹرز کی فٹنس، ڈومیسٹک کرکٹ، ایونٹس کے شیڈول، ٹیم کی تیاری، کھلاڑیوں کے انتخاب کے طریقہ کار اور مستقبل کی حکمت عملی کے بارے میں بتایا گیا جس پر اراکین نے ان کی محنت کی تعریف کی۔
مصباح الحق نے ٹیم کی پرفارمنس پر اطمینان ظاہر کیا اور کہا کہ ابھی ٹیم کو مزید محنت کرنے کی ضرورت ہے، گزشتہ 5ماہ میں قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کی فٹنس میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
اجلاس کے دوران جلدی ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے کھلاڑی محمد عامر اور وہاب ریاض سے متعلق ایک سوال پر پی سی بی کے چئیرمین نے کہا کہ ہم کسی کو ریٹائرمنٹ لینے سے نہیں روک سکتے لیکن ایسے کھلاڑیوں کے خلاف کارروائی بھی نہیں کر سکتے، ہم نئے ینگ کھلاڑیوں کو مواقع فراہم کر رہے ہیں جس سے جلد ہی بہترین نتائج سامنے آئیں گے۔