خواتین اب بھی جب آگے بڑھتی ہیں اور ہاتھ ملاتی ہیں تو مجھے تھوڑا عجیب سا لگتا ہے، حنا خواجہ بیات

ہماری ویب  |  Feb 03, 2020

صاحبِ کمال اداکارہ حنا خواجہ بیات کا سوشل میڈیا پر جاری کردہ خوبصورت پیغام تیزی سے وائرل ہو رہا ہے جس میں انہوں نے ہاتھوں کے ذریعے پھیلنے والے جراثیم کے حوالے سے بات کی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنے تصدیق شدہ اکاؤنٹ پر اداکارہ نے ایک ویڈیو شئیر کی جس میں ان کا کہنا تھا کہ پہلے سب ہی لوگ ہاتھ اٹھا کر سلام کیا کرتے تھے پِھر ہاتھ مِلانے لگے، خواتین اب بھی جب بڑھتی ہیں اور ہاتھ مِلاتی ہیں تو مجھے تھوڑا عجیب سا لگتا ہے جبکہ آج دنیا بھر میں ڈاکٹرز کہہ رہے ہیں کہ ہاتھ نہ ملائیے کیونکہ یہ جراثیم پھیلنے کا ذریعہ ہیں۔ اس کے علاوہ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ وہ ہی چیزیں کھائیں جو حلال ہیں تاکہ خطرناک بیماریوں سے محفوظ رہیں۔

اداکارہ نے اپنی ویڈیو میں کہا کہ یہ سب باتیں ہمیں ہمارے اسلام نے پہلے ہی بتا دی تھیں اور ہمارے بڑوں نے بھی اس پر عمل کرنے کی تاکید کی تھی۔

حنا خواجہ بیات نے وضو کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آج ڈاکٹرز بار بار ہاتھ دھونے اور منہ دھونے کا مشورہ دیتے ہیں۔

اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ ڈاکڑ نے مشورہ دیا کہ ہاتھ اور منہ تولیے وغیرہ سے نہ خشک کریں یہ وہ چھوٹی چھوٹی چیزیں ہیں جو ہمارے معاشرے میں ہمارے بڑوں نے ہمیں سکھائیں اور ہمارا دین ہمیں سکھاتا ہے۔

انہوں نے سوالیہ انداز اپناتے ہوئے کہا کہ کیا ہم اپنے دین، معاشرے اور اپنی معاشرت سے دور ہوتے جارہے ہیں؟

حنا خواجہ نے سوال کیا کہ کیا ہم اپنی جانوں پر خود ظلم نہیں کر رہے؟

اداکارہ حنا خواجہ بیات نے اس ویڈیو کے کیپشن میں تحریر کیا کہ ہم اپنے بزرگوں کی روایات پر عمل کر کے خود کو ان خطرناک بیماریوں سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More