مشہور و معروف گلوکار علی ظفر نے پاکستان سپر لیگ 5 کے نئے آفیشل ترانے پر تنقید کرنے والوں کو جواب دے دیا۔
پاکستان سپر لیگ کا آفیشل ترانہ تیار ہیں تین روز قبل ہی ریلیز کیا گیا ہے جس کو گانے والے پاکستانی 4 نامور گلوکار عارف لوہار، علی عظمت ،عاصم اظہر، اور ہارون رشید ہیں لیکن شائقین کرکٹ کو پی ایس ایل فائیو کا آفیشل ترانہ بالکل پسند نہیں آیا اور ہر ایک اِس ترانے پر تنقید کرتا نظر آرہا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے پہلے 3 ایڈیشنز میں علی ظفر کے گائے ہوئے آفیشل سانگز سپر ہٹ رہے ، چوتھے ایڈیشن کا سانگ ’’کھیل دیوانوں کا‘‘ اداکار و گلوکار فواد خان نے دیسی ریپرز کے ساتھ مل کر گایا تھا جسے خوب پزیرائی حاصل ہوئی تھی۔
اِیسے میں معروف گلوکار علی ظفر پی ایس ایل فائیو کے ترانے کی حمایت میں سامنے آگئے۔
اُنہوں نے گزشتہ روز اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر تمام لوگوں کو مخاطب کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا کہ میں آپ لوگوں کی جانب سے ملنے والے پیار اور محبت کا بہت مشکور ہوں۔
علی ظفر نے مزید لکھا کہ جس طرح آپ لوگ مجھے پیار دے رہے ہیں اِسی طرح دیگر فنکاروں کے کام اور کوششوں کو بھی سراہیں، ہم سب ایک خاندان ہیں۔
گلوکار نے لکھا کہ پی ایس ایل بھی ایسا ہی ہے اِس کا تعلق پاکستان سے ہے اور ہماری گلوکاری کا تعلق بھی پاکستان سے ہے۔
علی ظفر نے اپنے ٹوئٹ کے اختتام پر ہیش ٹیگ PakistanZindabad ، PSL5 اور Cricket بھی استعمال کیے۔
علی ظفر کی آواز میں پی ایس ایل کے اِن تمام ترانوں کو شائقین کرکٹ نے بے انتہا پسند کیا تھا اور اِس مرتبہ بھی شائقین کرکٹ کو پی ایس ایل فائیو کے نئے آفیشل ترانے سے بھی بھرپور اُمیدیں وابستہ تھیں۔