ڈرامہ سیریل میرے پاس تم ہو کے کامیاب اختتام کے بعد ہمایوں سعید نے دنیا بھر میں موجود اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کیا۔
اداکار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پوسٹ شئیر کی جس میں انہوں نے اس ڈرامے کی کامیابی پر اپنی خوشی کا اظہار کیا۔ اداکار نے اپنے مداحوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 'آپ کا شکریہ، اس تمام محبت اور تعریف کے لئے آپ کا بے حد شکریہ جو پچھلے دومہینوں میں آپ لوگوں نے دی ۔ سب سے اہم بات، آپ کی دعاؤں کا بہت شکریہ۔ میں نے میرے پاس تم ہو کی کامیابی کے بعد اتنی دعائیں وصول کیں جتنی میں نے اپنے پورے کیریئر میں نہیں کی تھیں'۔
ہمایوں سعید نے مزید لکھا کہ 'میں خاص طور پر تمام ناظرین کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، جو پاکستان یا بیرونِ ملک مقیم ہیں، جنہوں نے" میرے پاس تم ہو" کو دیکھا، اسے پسند کیا اورایک بلاک بسٹر ہٹ ڈرامہ بنا دیا۔ یہ صرف میری نہیں ہماری ڈرامہ انڈسٹری کی کامیابی ہے'۔
اداکار کا کہنا تھا کہ 'مجھے خاص طور پر خوشی ہے کہ ہم کسی نہ کسی طرح ایک ایسا پروجیکٹ تیار کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں جس نے پوری دنیا کے ناظرین کو خوش کیا ہے اور اس کا کریڈٹ میری پوری ٹیم کو جاتا ہے۔ ایک بار پھرآپ کا شکریہ! اللہ آپ سب کو سلامت رکھے'۔