پاکستانی شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی ورسٹائل اداکارہ فریال محمود نے اپنے چاہنے والوں کو بتایا کہ انہوں نے کس طرح اپنا وزن کم کیا اور انہیں کیا کیا مشکِلات پیش آئیں۔
اداکارہ کا ایک ویڈیو پیغام سامنے آیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ 'بے شمار لوگ مجھ سے میرے کم ہوئے وزن سے متعلق سوال کرتے ہیں جن کا میں اپنی مصروفیات کے باعث جواب نہیں دے پاتی'۔ اداکارہ نے کہا کہ میں 'امریکہ سے پاکستان آئی کیونکہ مجھے اداکارہ بننا تھا۔ اس وقت میرا وزن 96 کِلو گرام تھا جو میرے حساب سے بالکل ٹھیک تھا۔ جب میں پاکستان آئی تو مجھے اس بات کا احساس ہوا کہ میرا یہ وزن بہت زیادہ ہے جس کے ساتھ میں ایک کامیاب اداکارہ نہیں بن سکتی'۔
فریال محمود کا مزید کہنا تھا کہ 'لوگوں نے مجھے منہ پر میرے وزن کے طعنے دینا شروع کر دیے تھے جس کی وجہ سے میں ڈپریشن میں چلی گئی۔ میں بہت سی ورزشیں کرتی رہی لیکن کچھ زیادہ فرق نہیں پڑا۔ میرے ایک قریبی دوست فیصل قریشی نے میری ہمّت اور لگن کو دیکھتے ہوئے مجھے مشورہ دِیا کہ میں جِم جوائن کر لوں'۔
اداکارہ نے کہا کہ 'میں نے جِم جانا شروع کر دیا۔ روز تین سے چار گھنٹے مسلسل ورک آؤٹ کرتی تھی۔ لوگوں کی تنقید کی وجہ سے مجھ میں شدید غم و غصہ تھا جو سارا میں نے اپنے ورک آؤٹ میں لگایا جس کے نتیجے میں میرا وزن 65 ہوا اور پھر 55 کِلو گرام ہو گیا۔ بہت سی جگہ مجھے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا یہاں تک کہ میں روئی بھی لیکن میں نے ہمّت نہیں ہاری'۔
اداکارہ نے اپنے پیغام کے اختتام میں مداحوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ 'اگر آپ جِم نہیں جا سکتے تو یو ٹیوب پر مختلف ورک آؤٹ کی ویڈیوز دیکھ کر روز ورزش کریں اور ہمّت نا ہاریں۔ مسلسل کوشش کرتے رہیں، ایک دِن خود آپ اپنے اندر واضح تبدیلی محسوس کریں گے'۔