میٹرک کے جاری سالانہ امتحانات 2015کا پانچواں روز ۔۔۔۔۔

ہماری ویب  |  Apr 13, 2015

کراچی میں میٹرک کے جاری سالانہ امتحانات کے 2015کے پانچویں روز صبح کی شفٹ میں سندھی سلیس ،سندھی نارمل ،اردو متبادل ،انگریزی ادب اور جغرافیہ آف پاکستان پرچہ اوّل (صرف غیر ملکی طلبہ کیلئے ) جبکہ دوپہر کی شفٹ میں اسلامیات اور اخلاقیات (برائے غیر مسلم )جماعت دہم جنرل گروپ کے پرچے منعقد ہوئے ۔

جاری امتحانا ت کے دوران چئیرمین میٹرک بورڈ فصیح الدین خان اور ناظم امتحانات نعمان احسن نے خفیہ اطلاعات پر بورڈ کی ٹیم کے ہمراہ اورنگی ٹاؤن کے مختلف امتحانی مراکز کے اچانک دورے کئے ۔

دوران چیکنگ چئیرمین بورڈ فصیح الدین خان نے شہیدان وطن میموریل سیکنڈری اسکول اور شگفتہ میموریل سیکنڈری اسکول اورنگی ٹاؤن سے مجموعی طور پر 30طالبات کو نقل کرتے ہوئے جبکہ گورنمنٹ بوائز ہائر سیکنڈری اسکول بابا ولایت علی شاہ چشتی نگر اورنگی ٹاؤن سے 81طلباء کو رنگے ہاتھوں نقل کرتے ہوئے پکڑا ۔جن سے کاپیاں ضبط کرکے کیس ضابطے کی کارروائی کیلئے ڈسپلنری ایکشن کمیٹی کے سپر کردئیے ۔

اس موقع پر چئیرمین میٹرک بورڈ فصیح الدین خان نے کہا کہ تعلیم کو تباہی سے بچانے کیلئے ہر ممکن کوشش کررہے ہیں اور اس حوالے سے نقل مافیا سمیت کسی بھی دباؤ کو کسی طور قبول نہیں کیا جائے گا ۔

دریں اثناء ناظم امتحانات نعمان احسن نے کہا ہے کہ نقل کی روک تھام کیلئے عملی اقدامات کی ضرورت ہے ۔اس موقع پر ناظم امتحانات نے امتحانی مرا کز پر چھاپے کے دوران لاپروا ہی اور غفلت برتنے پرگورنمنٹ بوائز ہائر سیکنڈری اسکول بابا ولایت علی شاہ چشتی نگر اور شہیدان وطن میموریل سیکنڈری اسکول اورنگی ٹاؤن کے C.C.O'sکو فوری معطل کردیا جبکہ غازی محمد بن قاسم G.B.S.Sلیاری کے CSکو ویجیلنس آفیسر کی رپورٹ پر معطل کرکے اسسٹنٹ سینٹر سپرنٹنڈنٹ محترمہ زاہدہ کو سینٹر کی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے جو ان کی جگہ فرائض انجام دیں گی ۔

ناظم امتحانات نے مزید کارروائی کرتے ہوئے گورنمنٹ بوائز ہائر سیکنڈری اسکول بابا ولایت علی شاہ چشتی نگر اورنگی کے سینٹر سپرنٹنڈنٹ کو ڈیوٹی میں غفلت برتنے ، غیر ذمہ دارانہ رویہ اور غیر تسلی بخش کارکردگی پر تنبیہ کرتے ہوئے ہدایت جاری کی کہ وہ اپنے امتحانی مرکز کو بورڈ قوانین کے
تحت چلائیں اور اس حوالے سے کسی بھی قسم کی کوئی کوتاہی قابل قبول نہ ہوگی۔

دریں اثناء بورڈ کی نامزد اسپیشل ویجیلنس ٹیم کی نشاندہی پر سینٹر سپرنٹنڈنٹ نے بھی تعمیر ملت GBSSگلشن اقبال سے 3طلباء کو نقل کرتے ہوئے دھر لیا اور ان سے نقل کامواد ضبط کرلیا ۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More