پاکستان کے تمام تعلیمی بورڈز نے طلبہ کے لیے ایک بڑا فیصلہ کرتے ہوئے پاسنگ مارکس 33 سے بڑھا کر 40 کر دیے ہیں۔ اس نئے قانون کا اطلاق 2025 سے ہونے والے امتحانات پر ہوگا، جس کے تحت ہر مضمون میں کامیابی کے لیے 40 نمبر لازمی حاصل کرنا ہوں گے۔
یہ فیصلہ انٹر بورڈ کوآرڈینیشن کمیٹی (آئی بی سی سی) کے حالیہ اجلاس میں کیا گیا۔ مزید یہ کہ گریس مارکس کی حد بھی 3 سے بڑھا کر 5 کر دی گئی ہے، یعنی وہ طلبہ جو 35 نمبر حاصل کریں گے، انہیں 5 اضافی مارکس دے کر پاس کیا جائے گا۔ تاہم، یہ سہولت صرف انہی طلبہ کو دی جائے گی جو دو سے زیادہ مضامین میں ناکام نہ ہوں۔
تعلیمی حلقوں میں اس فیصلے پر مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں۔ کچھ لوگ اسے تعلیمی معیار بہتر بنانے کی کوشش قرار دے رہے ہیں، جبکہ دیگر کے نزدیک یہ طلبہ پر اضافی دباؤ ڈال سکتا ہے۔ بہرحال، 2025 کے امتحانات کے لیے طلبہ کو اب مزید محنت کرنے کی ضرورت ہوگی، کیونکہ 33 نمبروں سے پاس ہونے کا وقت گزر چکا!