کراچی کے انٹرمیڈیٹ طلبا کے لیے امتحانات سے متعلق ایک اہم اپ ڈیٹ سامنے آئی ہے۔ سندھ بھر میں گیارہویں اور بارہویں جماعت کے سالانہ امتحانات 28 اپریل سے شروع ہونے ہیں، تاہم کراچی انٹر بورڈ میں چیئرمین کی عدم تعیناتی کی وجہ سے امتحانی تیاریوں میں رکاوٹ آ رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ دو ہفتوں سے بورڈ بغیر چیئرمین کے کام کر رہا ہے، جس کے باعث ابھی تک امتحانی شیڈول جاری نہیں کیا جا سکا، نہ ہی طلبا کو ایڈمٹ کارڈ مل سکے ہیں۔ امتحانی مراکز کی حتمی فہرست بھی تاحال طے نہیں ہو سکی۔
ادھر گیارہویں جماعت کے طلبا کو اضافی نمبرز دینے کے پارلیمانی کمیٹی کے فیصلے پر بھی عمل درآمد شروع نہیں ہو سکا، کیونکہ حکومت سندھ کی جانب سے اس کا نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا۔ اگر نوٹیفکیشن جاری ہوتا بھی ہے تو اضافی نمبرز کا عمل مکمل ہونے میں کم از کم 25 دن لگیں گے۔
ان تمام وجوہات کے باعث خدشہ ہے کہ کراچی میں انٹرمیڈیٹ کے امتحانات مقررہ تاریخ پر شروع نہ ہو سکیں۔ اس تاخیر سے این ای ڈی یونیورسٹی میں داخلے کے خواہشمند طلبا بھی متاثر ہو سکتے ہیں، جہاں داخلہ فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 20 مئی ہے۔