مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ڈائریکٹ میسیج کا فیچر ختم کرکے فیس بک میسینجر جیسا الگ چیٹنگ سسٹم متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔
ایکس پر اس وقت ڈی ایم کے لیے الگ سے ایپلی کیشن انسٹال نہیں کرنی پڑتی لیکن جلد ہی صارفین ایکس پر چیٹنگ کے لیے الگ سے نیا چیٹنگ سسٹم انسٹال کریں گے۔
کمپنی سے منسلک ماہرین نے ایکس پوسٹس پر صارفین کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے انکشاف کیا کہ جلد ہی ایکس سے ڈی ایم سسٹم ختم کردیا جائے ۔ڈی ایم سسٹم ختم کرنے کے بعد ایکس چیٹ کے نام سے الگ چیٹنگ سسٹم بنایا جائے گا جو کہ فیس بک میسینجر کی طرح الگ ایپلی کیشن ہوگی۔
صارفین مذکورہ ایپلی کیشن کو آڈیو اور ویڈیو کالز کے لیے بھی استعمال کر سکیں گے۔ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ مذکورہ ایکس چیٹ کو استعمال کرنے کے لیے ایکس اکاؤنٹ کا ہونا لازمی ہوگا یا نہیں۔ یہ بھی قیاس آرائیاں ہیں کہ ایکس چیٹ کو ممکنہ طور پر واٹس ایپ کے متبادل کے طور پر بھی لایا جا سکتا ہے۔
ایلون مسک پہلے ہی عندیہ دے چکے ہیں کہ وہ مستقبل میں اپنا فون نمبر ختم کرکے ایکس پر کالز اور میسیجز کرنا شروع کردیں گے۔
اسی منصوبے کے تحت ایکس پر اکتوبر 2023 میں پہلی بار آڈیو اور ویڈیو کالنگ کا فیچر بھی متعارف کرایا گیا تھا لیکن مذکورہ فیچر صارفین کی توجہ حاصل کرنے میں ناکام رہا۔اب کمپنی نے صارفین کی توجہ حاصل کرنے کے لیے ایکس چیٹ کے نام سے الگ چیٹنگ سسٹم کو متعارف کرانے کا عندیہ دیا ہے اور ممکنہ طور پر آئندہ سال تک چیٹنگ سسٹم کو پیش کردیا جائے گا۔