کراچی۔ اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کے ناظمِ امتحانات محمد عمران خان چشتی کے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق سال 2014 ء کے لئے وہ طلبہ و طالبات جو ضمنی امتحان میں کامیاب نہیں ہوسکے ہیں ان کے لئے امتحانی فارمز جمع کرانے کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے سال 2014ء کے سالانہ امتحان کے لئے انٹرمیڈیٹ سائنس پری میڈیکل، سائنس پری انجینئرنگ، سائنس جنرل، کامرس ریگولر، ہوم اکنامکس گروپس، امپروومنٹ آف ڈویژن اور ایڈیشنل سبجیکٹس میں شرکت کے خواہشمند اُمیدوار اپنے امتحانی فارمز جمع کراسکتے ہیں۔ تفصیلات کا اعلان کرتے ہوئے اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کے ناظم امتحانات نے بتایا کہ ان امتحانات کے لئے ریگولر اُمیدواروں کے فارمز متعلقہ تعلیمی اداروں کے توسط سے وصول کئے جائیں گے جب کہ پرائیویٹ طلبہ ان فارمز کو براہِ راست بورڈ میں واقع بینک کی برانچ میں جمع کراسکتے ہیں۔ شیڈول کے مطابق مذکورہ امتحانی فارمز بروز جمعرات13 مارچ 2014 ء سے بروزجمعہ 21 مارچ 2014ء تک بغیر لیٹ فیس کے جمع کروائے جاسکتے ہیں۔ تاہم 200 روپے لیٹ فیس کے ساتھ 24 مارچ سے 26مارچ تک، 500روپے لیٹ فیس کے ساتھ 27 مارچ سے 31مارچ تک اور ایک ہزار روپے لیٹ فیس کے ساتھ یکم اپریل سے 03 اپریل 2014ء تک وصول کئے جائیں گے۔ وہ تمام طلبہ و طالبات جو اب تک امتحانی فارم کسی بھی وجہ سے جمع نہیں کراسکے وہ بھی ایک ہزار روپے لیٹ فیس کے ساتھ اپنا امتحانی فارم جمع کرواسکتے ہیں جب کہ ریگولر اُمیدوار اپنے امتحانی فارمز فارمز پے آرڈر کے تحت شیڈول کے مطابق جمع کرواسکتے ہیں، تاریخ گزرنے کے بعد کوئی فارم وصول نہیں کیا جائے گا۔