پاکستان کے ٹاپ سکواش پلیئر‘سابق سکواش لیجنڈ قمرزمان کے پوتے اور سکواش پلیئر و کوچ منور زمان کے صاحبزادے نور زمان نے لندن اور کینیڈا میں ہونیوالا نیش کپ سکواش ٹورنامنٹ جیت لیا۔
نور زمان نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مصر کے السرینی کے خلاف تین صفر سے کامیابی اپنے نام کی ان کی ان جیت کا سکور انیس سترہ‘ گیارہ سات اور گیارہ نو رہا‘ نور زمان نے اس سے قبل سیمی فائنل میں کولمبیا کے میٹیاس کو شکست دی،نور زمان کی کامیابیوں کا سلسلہ جاری ہے اور اس سے قبل انہوں نے حال ہی میں ورلڈ 23 سکواش چیمپئن شپ اپنے نام کی اس کے ساتھ لندن اوپن میں بھی کامیابی حاصل کی۔
سکواش لیجنڈ قمرزمان(چیئرمین کے پی سکواش ایسوسی ایشن) داﺅد خان (صدر کے پی سکواش ایسوسی ایشن) سمیت سکواش کے تمام فیڈریشنز کے عہدیداروں اور پلیئرز نے نور زمان کو اس کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔
سکواش لیجنڈ قمرزمان کا کہنا تھا کہ یہ نور زمان کے لیے ایک اور بڑی جیت ہے، ملائشیا اور مصر کے کھلاڑی سکواش پر چھائے ہوئے تھے اور اب پاکستان کے کھلاڑی بھی ان کے ساتھ بھرپور مقابلہ کررہے ہیں، امید ہے کہ نور زمان اسی طرح کھیلتے ہوئے ملک و قوم کے لیے مزید بین الاقوامی ایوارڈز لائے گا اور ایک دن ورلڈ چیمپئن بننے کا خواب بھی اس کا پورا ہوگا۔