خیبر پختونخوا حکومت کے محکمہ خزانہ نے صوبے کے مختلف تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشنز کو ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن واجبات کی ادائیگی کے لیے 16 کروڑ 10 لاکھ روپے کے اضافی فنڈز جاری کردیے ہیں۔
محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق یہ رقم مالی سال 2025-26 کے دوران واجبات کی کلیئرنس کے لیے فراہم کی گئی ہے۔ مراسلے کے مطابق ٹی ایم اے کوہاٹ کو 8 کروڑ 70 لاکھ روپے، ٹی ایم اے صوابی کو 3 کروڑ 90 لاکھ، ٹی ایم اے خوازہ خیلہ کو 2 کروڑ 20 لاکھ، ٹی ایم اے تھانہ بیزئی کو 90 لاکھ اور ٹی ایم اے مارتونگ کو 40 لاکھ روپے جاری کردیے گئے ہیں۔
محکمہ خزانہ کے مطابق فنڈز کی یہ رقم متعلقہ اکاؤنٹ افسران کے ذریعے اکاؤنٹس میں منتقل کی جائے گی اور قانونی تقاضوں کی تکمیل کے بعد ہی ادائیگیاں ممکن ہوں گی۔ مزید بتایا گیا ہے کہ یہ فنڈز ٹی ایم ایز کے ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن کے بقایا جات کے تصفیے کے لیے فراہم کیے گئے ہیں تاکہ عملے کو مالی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔