ایشیا کپ جیتنے آئے ہیں، فائنل میں انڈیا کو ہرانے کی صلاحیت رکھتے ہیں: شاہین آفریدی

اردو نیوز  |  Sep 25, 2025

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے دعویٰ کیا ہے کہ قومی ٹیم ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچے گی اور اگر ایک بار پھر روایتی حریف انڈیا سے مقابلہ ہوا تو اس میں بھی کامیابی حاصل کر سکتی ہے۔

ابوظہبی میں منگل کو سپر فور مرحلے کے ایک میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ  کے فائنل میں پہنچنے کی امیدیں برقرار رکھیں۔

اب تک انڈیا اور پاکستان اس ٹورنامنٹ میں دو مرتبہ آمنے سامنے آ چکے ہیں، تاہم دونوں ٹیمیں کبھی بھی ایشیا کپ کے فائنل میں ایک دوسرے سے نہیں ٹکرائیں۔

ایشیا کپ کا آغاز 1984 میں ہوا تھا اور اس بار یہ 17واں ایڈیشن متحدہ عرب امارات میں ٹی20 فارمیٹ کے تحت جاری ہے۔

پاکستان اور انڈیا کے ممکنہ فائنل کے راستے میں بنگلہ دیش حائل ہے۔ بنگلہ دیش  بدھ کو انڈیا اور جمعرات کو پاکستان کے خلاف کھیلے گا۔

انڈیا نے اس ٹورنامنٹ میں اب تک پاکستان کو دونوں میچز میں شکست دی ہے اور دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے 15 ٹی 20 میچز میں سے 12 میں کامیابی حاصل کی ہے۔ انڈیا نے ستمبر 2022 کے بعد سے پاکستان کے خلاف مسلسل سات بین الاقوامی میچز بھی جیتے ہیں۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سری لنکا کے خلاف تین وکٹیں لینے کے بعد شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ ’انڈیا فائنل میں پہنچا تب دیکھیں گے۔ ہم یہاں کپ جیتنے آئے ہیں، جو بھی ٹیم سامنے آئے ہم تیار ہیں۔‘

انڈین کپتان سوریا کمار یادیو نے حالیہ کامیابیوں کے بعد یہ دعویٰ کیا تھا کہ ’انڈیا اور پاکستان کے درمیان اب کوئی روایتی حریفوں جیسا مقابلہ باقی نہیں رہا۔‘

اس بیان پر ردِعمل دیتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی نے کہا: ’یہ ان کی رائے ہے، انہیں کہنے دیں۔ جب وہ فائنل میں پہنچیں گے تب دیکھ لیں گے۔ ہمارا مقصد ایشیا کپ جیتنا ہے اور ہم اس کے لیے بھرپور کوشش کریں گے۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More