سوشل میڈیا پر دولت کی نمائش کرنے والے ایف بی آر کے ریڈار پر ، ڈیٹا جمع کر لیا

ہماری ویب  |  Sep 20, 2025

فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے سوشل میڈیا پر دولت کی نمائش کرنے والے ایک لاکھ سے زائد افراد کا ڈیٹا جمع کر لیا ہے۔ حکام کے مطابق ایسے افراد جو مہنگی گاڑیوں، بنگلوں، زیورات اور شاہانہ تقریبات کی نمائش کرتے ہیں لیکن انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہیں کراتے اب ایف بی آر کے ریڈار پر آگئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ایف بی آر کی سوشل میڈیا لائف اسٹائل مانیٹرنگ ٹیم نے مہنگے ملبوسات، زیورات، گھڑیوں، قیمتی گاڑیوں اور شادیوں پر بڑے اخراجات کرنے والے نان فائلرز کی فہرستیں تیار کر لی ہیں۔ نادرا نے بھی ان افراد کی شناخت میں ایف بی آر کی مدد کی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ شادیوں میں بیس بیس ہزار ڈالر مالیت کے سوٹ استعمال کیے جا رہے ہیں اور نوٹ نچھاور کرنے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوتی ہیں لیکن ان کے گوشواروں میں یہ سب ظاہر نہیں کیا جاتا۔ ایسے تمام افراد کے اخراجات، کریڈٹ اور اے ٹی ایم کارڈز کے استعمال اور بیرون ملک سفر کی تفصیلات بھی ایف بی آر کے پاس موجود ہیں۔

ایف بی آر کا کہناہے کہ یکم اکتوبر سے نان فائلرز کے خلاف کارروائی شروع کی جائے گی۔ حکام کے مطابق مجموعی گوشواروں میں سے 80 فیصد کا آڈٹ ہوگا اور دولت کی نمائش کرنے والوں کو اپنے آمدنی کے ذرائع بتانے ہوں گے۔

انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 ستمبر مقرر کی گئی ہے اور ایف بی آر نے واضح کر دیا ہے کہ اس میں کسی قسم کی توسیع نہیں کی جائے گی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More