پشاور پولیس نے کرپشن اور جرائم پیشہ عناصر سے روابط رکھنے پر 6 ایس ایچ اوز سمیت 8 اہلکاروں کو معطل کردیا۔ ترجمان پشاور پولیس کے مطابق معطل اہلکاروں میں تھانہ پہاڑی پورہ، فقیر آباد، ہشتنگری، پشتخرہ، غربی، خزانہ کے ایس ایچ اوز، چوکی انچارج جہانگیر آباد اور ایک جونیئر کلرک شامل ہیں۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ ناقص سپرویژن پر 6 ایس ڈی پی اوز کو بھی شوکاز نوٹس جاری کیے گئے ہیں، جن میں پشتخرہ سرکل، ٹاؤن سرکل، فقیر آباد سرکل، ہشتنگری سرکل، گلبہار سرکل اور ریگی سرکل کے ڈی ایس پیز شامل ہیں۔
اسی طرح ناقص کارکردگی پر 11 ایس ایچ اوز کو بھی نوٹس جاری کیے گئے، جن میں ایس ایچ او تاتارا، حیات آباد، شرقی، گلبرگ، سربند، کوتوالی، بھانہ ماڑی، داودزئی، چمکنی، متھرا اور بڈھ بیر شامل ہیں۔
ترجمان کے مطابق عمدہ کارکردگی دکھانے پر ایس ایچ او تھانہ متنی واجد خان کو توصیفی سرٹیفکیٹ دیا گیا۔
کیپٹل سٹی پولیس آفس پشاور میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سی سی پی او پشاور میاں سعید نے واضح کیا کہ کرپٹ عناصر کے لیے پشاور پولیس میں کوئی جگہ نہیں، جبکہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران اور اہلکاروں کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کی جائے گی۔